اعلیٰ سطحی امریکی مشیر میک گین عہدہ چھوڑ دیں گے

واشنگٹن، 30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) طویل عرصہ سے امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اعلیٰ سطحی صلاح کاروں میں شامل وائٹ ہاؤس کونسل ڈان میک گین اگلے چند ہفتوں کے اندر اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے ۔مسٹر ٹرمپ نے ٹوئیٹر پر کہا کہ وائٹ ہاؤس کے کونسل ڈان میک گین جلد ہی اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے ۔ امریکی سپریم کورٹ کے جج بریٹ کونوگ کی تصدیق کے بعد وہ اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے ۔ میں نے طویل عرصہ تک ان کے ساتھ کام کیا ہے اور میں ان کی خدمات کی تہہ دل سے تعریف کرتا ہوں۔وائٹ ہاؤس کے افسران کے مطابق مسٹر میک گین کو مسٹر ٹرمپ کے اس ٹوئٹ کی کوئی معلومات نہیں تھی۔وہ اگرچہ آئندہ چند ماہ میں اپنا عہدہ چھوڑنے کا منصوبہ بنا رہے تھے ۔ مسٹر میک گین کا خیال ہے کہ انہوں نے اپنے دور اقتدار کے دوران اپنے مقاصد کو حاصل کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مسٹر ٹرمپ اور مسٹر میک گین کے تعلقات 2016 کے امریکی انتخابات میں روس کی مداخلت معاملے کی جانچ کی وجہ سے کشیدہ ہو گئے تھے ۔ مسٹر میک گین نے اس جانچ میں خصوصی مشیر رابرٹ مولر کی تحقیقاتی ٹیم کے ساتھ رضاکارانہ طور پر تعاون کیا تھا۔وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارہ سینڈرز نے صحافیوں کو کہا کہ مسٹر ٹرمپ نے ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا ہے مسٹر میک گین کی جگہ کسے وائٹ ہاؤس کا مشیر مقرر کیا جائے۔