ممبئی۔ 26 ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) ممبئی پولیس نے ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ عورت کو بچے چرانے اور انہیں بیچنے کے ملک گیر ریاکٹ کے سلسلے میں گرفتار کیا ہے ۔وڈالا ٹی ٹی پولیس کے مطابق جمعہ کو جولیا فرنانڈیس کو ایک بچہ چراتے ہوئے پکڑا گیا تھا اور ملزمہ نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا کہ گزشتہ چھ مہینے کے دوران ملک بھر میں اس نے الگ الگ علاقوں سے چھ نوزائیدہ بچے چرا کر فروخت کیے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق 29سالہ جولیا سے پوچھ گچھ جاری ہے اور ان بچوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ فی الحال وہ تحقیقات میں تعاون نہیں کررہی ہے جبکہ پولیس کی چھ ٹیمیں ان چھ بچوں کی تلاش میں مختلف ریاستوں میں روانہ کی جاچکی ہیں۔ پولیس کے مطابق پیر کو ایک آٹو رکشا ڈارئیوراور اس کی بیوی کو گرفتار کیا گیا ،جنہوں نے اپنے سات دن کے بچے کو ملزمہ جولیاکو 20ہزار روپے میں بیچ دیا تھا۔ ملزمہ اس بچے کو ایک جوڑے کو ڈیڑھ لاکھ روپے میں فروخت کرنے والی تھی اور اسے گرفتار کیاگیا ۔ اُن کا ڈی این اے کرایا جائے گا تاکہ پتہ چلے کہ یہ اُن کا ہی بچہ ہے ۔ جولیا نے مزید کہا کہ ملک میں لڑکوں کا شدیدمطالبہ ہے ،اس لیے وہ غریب والدین کونرسنگ ہوم اور سرکاری اسپتالوں میں نشانہ بناتی ہیں اور انہیں 20-30 ہزار روپے میں فروخت کرنے کے لئے رضامند کرلیتی ہیں۔پولیس نے ملزمہ کو ایک پیشگی اطلاع کے بعد سنگم نگر انٹاپ ہل سے گرفتار کیا جب وہ بچے کی خریدوفروخت کرنے والے تھے ۔پولیس نے فوری طورپر وہاں پہنچ کر بچہ اپنی تحویل میں لے لیا ہے ۔مذکورہ عورت نے تفتیش کے دوران کہا کہ جولیا فرنانڈیس ان کی پڑوسی ہے اور ایک بچے کو ان کی تحویل میں دے گئی کہ وہ ایک نرسنگ ہوم میں ملازمت کرتی ہے اور بچے کو کچھ وقت کے لیے مختلف امراض کی خوراک دینے کے لیے باہر لائی ہے ۔پولیس کو شبہ ہے کہ جولیا بین الریاستی گینگ کی ممبر ہے جوکہ بچوں کو بیچتی ہے ،فی الحال اس دوسری عورت کے بارے میں بھی تفتیش جاری ہے اور گاہکوں کے بارے میں بھی پتہ لگایا جارہا ہے جن کی اکثریت این آرآئی ہے ۔ جولیا فراٹے دار انگریزی بولتی ہے اور بزنس مینجمنٹ کرنے کے بعد اس نے جواہرلال یونیورسٹی سے نرسنگ کا کورس بھی کیا ہے اور باربار بیان بدل کرپولیس کو گمراہ کررہی ہے ۔اس کی وجہ سے بچوں کو تلاش کرنا مشکل ہورہا ہے ۔دریں اثناء تھانے پولیس نے ایک بچے کو فروخت کرنے کے معاملے میں چھ عورتوں سمیت آٹھ افراد کو گرفتار کیا ہے ۔