نواب شاہ عالم خاں انجینئرنگ کالج میں اورینٹیشن پروگرام کا انعقاد
حیدرآباد ۔ 18 اگست (پریس نوٹ) امسال کالج میں ڈپلومہ، بی ٹیک اور ایم ٹیک کورسوں میں داخلہ لینے والے طلباء و طالبات اور ان کے اولیاء کی رہنمائی کیلئے کالج کے وسیع سبزہ زار پر ایک پُرشکوہ اورینٹیشن پروگرام کا انعقاد جمعرات 16 اگست کو صبح 10 بجے عمل میں آیا۔ پروفیسر سید عبدالستار پرنسپل کالج نے حاضرین کا استقبال کیا۔ انہوں نے اولیائے طلباء کو کلاس کوآرڈینیٹرس کے ربط میں رہتے ہوئے اپنے بچوں کی دن بدن حاضری اور تعلیمی ترقی کا وقتاً فوقتاً باقاعدگی سے آگہی حاصل کرنے کا مشورہ دیا۔ جناب محبوب عالم خاں سکریٹری مدرسہ اعزہ ایجوکیشن سوسائٹی نے سوسائٹی کی زائد از 100 سالہ تعلیمی خدمات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ قوموں کی پسماندگی صرف اعلیٰ تعلیم کے حصول سے دور ہوسکتی ہے۔ اس کیلئے سخت محنت اور لگن کو اپناتے ہوئے اور حصول علم کو اپنا نصب العین بنا کر خود کا اور قوم کا نام روشن کیا جاسکتا ہے اور ہندوستان میں باوقار مقام حاصل کیا جاسکتا ہے۔ مہمانان خصوصی پروفیسر بی این بھنڈاری، ڈائرکٹر اکیڈیمکس اور پروفیسر محمد منظور حسین، ڈائرکٹر ایڈمیشن جے این ٹی یو ایچ نے کالج میں فراہم کردہ اعلیٰ انفراسٹرکچر اور تجربہ کار اور اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ کی خدمات کی ستائش کی۔ انہوں نے طلباء کو مفید مشورے دیئے۔ پروفیسر میر معظم علی، پروفیسر سرینواس ریڈی اور پروفیسر رمیش ریڈی نے بھی مخاطب کیا۔ پروفیسر فاروق انور، پروفیسر ثناء اللہ قسیم، وائس پرنسپلس اور پرنسپل پالی ٹکنک پروفیسر رضاحمد خاں بھی شہ نشین پر موجود تھے۔ مجاہد علی شاہ کی قرأت کلام پاک سے جلسہ کا مبارک آغاز ہوا اور پروفیسر عمیر حمید کے شکریہ پر اختتام ہوا۔