اسلام آباد ۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے قومی فوجی مشیر رنگین دادفار اسپانٹا آج پاکستان کا دورہ کریں گے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون میں مزید استحکام پیدا کیا جاسکے کیونکہ شمالی وزیرستان کے قبائیلی علاقہ کو عسکریت پسندوں سے پاک کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر جارحانہ فوجی کارروائی جاری ہے۔ اسپانٹا کا مقررہ دورہ ٔپاکستان ان الزامات کے پیش نظر اہمیت رکھتا ہے جو وزیر دفاع افغانستان بسم اللہ محمدی نے عائد کئے ہیں کہ پاکستان سادہ لباس میں فوجیوں کو روانہ کررہا ہے جو کونار سے سرحد پار کرکے فوج پر حملے کررہے ہیں۔ دفترخارجہ نے کہا کہ اسپانٹا کے ہمراہ افغان وزارتوں کے سینئر حکام نیز قومی صیانتی فوج اور قومی صیانتی کونسل کے ارکان بھی ہوں گے۔