اعظم گڑھ دہشت گردوں کا اڈہ : امیت شاہ

اعظم گڑھ۔4مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) نریندر مودی کے قریبی ساتھی امیت شاہ نے ایک اور متنازعہ بیان دیتے ہوئے اشتعال انگیز ی کی ہے ۔ انہوں نے اعظم گڑھ کو دہشت گردوں کا اڈہ قرار دیا ۔ اس پر حکمراں سماج وادی پارٹی نے شدید تنقید کی اور الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ امیت شاہ کے خلاف فوری کارروائی کی جائے ۔ اعظم گڑھ میں بی جے پی کے امیدوار رماکانت یادو کے لئے انتخابی مہم چلاتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ ملک میں دہشت گردوں کی سب سے بڑی تعداد اعظم گڑھ سے تعلق رکھتی ہے ۔ ریاستی حکومت کئی کیسوں میں ان دہشت گردوں کو رہا کرانے کی وکالت کررہی ہے ۔ یہ اعظم گڑھ دہشت گردوں کا ٹھکانہ ہے ۔ یہاں پر حکومت کا کوئی راج نہیں ہے ‘عوام بھی حکومت سے بے پرواہ ہے ۔

گجرات بم دھماکوں کا ملزم بھی اعظم گڑھ سے تعلق رکھتا ہے ۔ امیت شاہ نے کہا کہ ’’ میں نے گجرات کے اُس وقت کے وزیرداخلہ کی حیثیت سے ملزم کو گرفتار کروایا تھا ‘ اسکے بعد گجرات میں دہشت گردی کا ایک بھی واقعہ نہیں ہوا ‘‘ ۔ امیت شاہ کے ریمارک پر تنقید کی جارہی ہے ۔ اس طرح کا ریمارک اعظم گڑھ کے عوام کی توہین ہے ۔بی جے پی یہاں پر فرقہ وارانہ ماحول پیدا کر کے انتخابات جیتنا چاہتی ہے ۔ سماج وادی پارٹی کے لیڈر ایس پی رائے نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری امیت شاہ کے ریمارک کا از خود جائزہ لیتے ہوئے کارروائی کرے ۔ ایک مرتبہ الیکشن کمیشن نے امیت شاہ کے خلاف کارروائی کی تھی لیکن اس کے باوجود ان کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ۔ امیت شاہ نے ملائم سنگھ پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ سماج وادی پارٹی لیڈر اپنی ریاست میں سوشلزم کے نظریہ کو ختم کر کے اقرباپروری کو فروغ دے رہے ہیں۔