اعظم گڑھ : دو برادریوں میں جھڑپ ، ایک شخص ہلاک

اعظم گڑھ ( یوپی ) ۔ 25 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک شخص ہلاک اور 18 دیگر زخمی ہوگئے جب دو برادریوں میں یہاں محمد پور بازار علاقہ میں ایک مذہبی مقام کے پلاٹ فارم کی تعمیر کے معاملے میں جھڑپ ہوگئی اور یہ جھگڑا سنگین نوعیت اختیار کرگیا جس میں دونوں طرف کے لوگوں نے دوکانات میں توڑ پھوڑ مچائی اور گاڑیوں کو نذر آتش کردیا ۔ پولیس نے آج کہا کہ رسول پور گاؤں کی سرپنچ کا شوہر ایک مذہبی مقام کا پلاٹ فارم تعمیر کرارہا تھا کہ دیگر کمیونٹی والوں نے اس پر اعتراض کیا اور اُسے کل مار پیٹ کی جس کے بعد دونوں فریقوں میں جھڑپ ہوگئی اور دونوں ہی بھاری سنگباری میں ملوث ہوئے ۔ ایک طرف سے ہجوم نے مارکٹ کے علاقہ میں توڑ پھوڑ کی ، تین درجن دوکانات کو نقصان پہنچایا اور دو موٹر سیکلوں کو آگ لگادی ۔ پولیس نے بتایا کہ اعظم گڑھ ۔ وارانسی اور الہٰ آباد اسٹیٹ ہائی وے پر ٹریفک اس واقعہ کی وجہ سے تقریباًچار گھنٹے متاثر ہوئی ۔ مہلوک کی شناخت 32 سالہ وجئے پرساد یادو کی حیثیت سے کی گئی جبکہ زخمیوں میں 20 سالہ اظہر کو شدید زخم آئے ۔