اعظم پورہ ریلوے برج کی تعمیر میں تاخیر پر ڈپٹی چیف منسٹر کی برہمی

کیمپ آفس اعظم پورہ میں جی ایچ ایم سی ساوتھ زون عہدیداروں کے ساتھ جناب محمد محمود علی کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔30مارچ(سیاست نیوز) الحاج محمد محمود علی نے بلدیہ گریٹر حیدرآباد ساوتھ زون عہدیداروں کے ہمراہ منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران اعظم پورہ ریلوے برج کی تعمیر میںتاخیر پر برہمی کا اظہار کیا۔ڈپٹی چیف منسٹر کیمپ آفس اعظم پورہ میں منعقدہ اجلاس کے دوران اسسٹنٹ ٹائون پلاننگ آفیسر پرشوتم‘ ایکزیکٹیو انجینئر جی ایچ ایم سی انوپ کمار اور سیکشن آفیسر عابد حسین کو انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ برج کی تعمیر میں تاخیر سے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اس کے علاوہ انہوں نے برج کے خدوخال پر بھی اعتراض کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ ساوتھ سنٹرل ریلوے اور بلدیہ کے درمیان رابطہ اور مشاورت کے فقدان کے سبب مجوزہ برج کی تکمیل میں تاخیر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریلوے قوانین کے تحت تعمیرکردہ نئے اعظم پورہ برج کو ملک پیٹ ‘ اعظم پورہ کی عوام کو درپیش ٹریفک مسئلے سے باہر لانے کے لئے تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک پیٹ کی ترقی کے لئے مزید ترقیاتی کاموں کا بھی آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے میٹرو ریل پراجکٹ کے سبب نلگنڈہ چوراہا تاچادر گھاٹ درپیش ٹریفک مسائل پر بھی تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کہاکہ یکم اپریل کو محکمہ ساوتھ سنٹر ل ریلوے‘میٹروریل اور بلدیہ کے اعلی حکام کے ساتھ نو تعمیرشدہ اعظم پورہ ریلوے برج اورنلگنڈہ چوراہا تا چادر گھاٹ میٹروریل کی جاری تعمیری سرگرمیوں کا معائنہ کیا جائے گا اس کے علاوہ عوام کو سہولت فراہم کرنے سے متعلق درکار اقدامات کا بھی جائزہ لیاجائے گا۔ جناب محمد محمود علی نے کہاکہ نلگنڈہ چوراہا تاچادرگھاٹ جاری میٹروریل کاموں میںتیزی پیدا کرنے کی بھی ہدایت دی جائے گی۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ مذکورہ مصروف ترین سڑک پر میٹرو ریل پراجکٹ کاموں میںسست رفتاری کے سبب گھنٹوں ٹریفک جام لگا رہتا ہے اور عوام کو بھی کافی دشواریاں پیش آرہی ہیں۔انہوں نے بلدی حکام سے نوتعمیر شدہ اعظم پورہ ریلوے برج کی جنگی خطوط پر تکمیل کے ذریعہ اندرون پندرہ یوم عوام کے لئے کھول دینے کی بھی ہدایت دی ۔