رامپور (اترپردیش)۔ 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایک عدالت نے آج بارہویں جماعت کے طالب علم کی ضمانت منظور کردی جس نے سماج وادی پارٹی لیڈر اور اترپردیش کے وزیر محمد اعظم خاں کے خلاف فیس بک پر قابل اعتراض تبصرے پوسٹ کئے تھے۔ جوڈیشیل مجسٹریٹ آزاد سنگھ نے 20 ہزار کے دو شخصی مچلکوں پر ضمانت منظور کرتے ہوئے نوجوان سے کہا کہ تحقیقات کے دوران پولیس سے تعاون کرے۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ ضابطہ کی تکمیل کے بعد اس نوجوان کو جیل سے رہا کردیا جائیگا۔ قبل ازیں رامپور پولیس نے بریلی اسکول کے طالب علم کو مختلف واقعات کے تحت گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے اسے ریمانڈ پر بھیج دیا تھا۔ سرکل پولیس آفیسر علی حسن کے بموجب مذکورہ طالب علم نے فیس بک پر قابل اعتراض تبصرہ پوسٹ کئے تھے جس کے باعث فرقہ وارانہ کشیدگی اور نقص امن کا اندیشہ تھا۔ پولیس نے اپنی کارروائی کو درست قرار دیتے ہوئے مدافعت کی ہے۔