اعظم خاں کی شکایت پر نیوز چینل کو ایک ہفتہ کی مہلت

لکھنؤ۔/26فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت اتر پردیش نے ایک خانگی نیوز چینل کو اسٹنگ آپریشن پیش کرنے کے سلسلہ میں جاری کردہ سمن پر جواب دینے کیلئے ایک ہفتہ کی مہلت دی ہے جس میں 2013کے مظفر نگر فسادات میں ریاست وزیر محمد اعظم خاں کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا۔ اس معاملہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے اعظم خاں نے کہا کہ اس طرح کے الزام سے انہیں شدید تکلیف پہنچی ہے اور وہ وزارتی عہدہ سے استعفی دینے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے ایوان میں اپنا استعفی نامہ بھی لہرایا  ہے۔ خانگی ہندی چینل کو ایک نوٹس جاری کرتے ہوئے آج اسمبلی میں ان کے نمائندہ کو روانہ کرتے ہوئے جواب پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔ لیکن ٹی وی چینل نے مجریہ سمن پر جواب دہی کیلئے مزید ایک ہفتہ کی مہلت طلب کی ہے۔ چینل نے یہ ادعا کیا کہ اسے 24فروری کو نوٹس وصول ہوئی ہے جس کے باعث اسپیکر ماتا پرساد پانڈے نے آئندہ تاریخ 4مارچ مقرر کی ہے۔