ملبرن، 28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اظہر علی کلی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹسٹ میچ میں 9 وکٹ پر 443 رنز پر اننگز ڈکلیئر کردی جس کے جواب میں آسٹریلیا نے جارحانہ انداز میں جواب دیتے ہوئے دو وکٹ کے نقصان پر 278 رنز بنا لیے ہیں۔ میلبرن میں جاری میچ کے تیسرے روز پاکستان نے 310 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تو آسٹریلیا کو محمد عامر کی شکل میں پہلی کامیابی ملی۔ نئے بلے باز سہیل خان نے جارحانہ انداز اپنایا اور اظہر کے ساتھ اگلے 20 اوور میں 118 رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کو مضبوط مقام تک پہنچا دیا۔ سہیل چار چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 65 گیندوں پر اتنے ہی رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کھانے کے وقفے کے فوراً بعد اظہر نے اپنی ڈبل سنچری مکمل کی اور 343 رنز پر وہاب ریاض کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہی مصباح نے اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا۔ اظہر نے 364 گیبندوں پر 20چوکوں کی مدد سے 205 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ دوپہر میں کھانے کے وقفے کے بعد وہاب ریاض پاکستان کی جانب سے آؤٹ ہونے والے 9ویں کھلاڑی تھے، ٹیم کی نویں وکٹ گرنے کے بعد کپتان مصباح الحق نے پہلی اننگز ڈکلیئر کر دی۔
آسٹریلیائی بالر جوش ہیزل ووڈ نے بھی وہاب ریاض کو آؤٹ کرنے کے ساتھ اپنی ٹسٹ کیرئیر کی 100 وکٹیں مکمل کیں۔ ہیزل ووڈ اور بولر جیکسن برڈ تین تین پاکستانی کھلاڑیوں کا شکار کرنے میں کامیاب رہے۔ آسٹریلیا نے اننگز شروع کی تو ڈیوڈ وارنر نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ہر خراب گیندوں کر باؤنڈری کی راہ دکھانے کا بیڑا اٹھایا۔ یاسر شاہ نے میٹ رین شا کو آؤٹ کو کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی لیکن پھر دوسری کامیابی کیلئے پاکستان کو مزید 36 اوورز تک انتظار کرنا پڑا۔ عثمان خواجہ اور وارنر نے دوسری وکٹ کیلئے 198 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو بہتر پوزیشن تک پہنچا دیا۔ وارنر نے اپنے کریئر کی 17ویں سنچری اسکور کی اور 144 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد وہاب ریاض کی وکٹ بنے۔ جب میچ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے دو وکٹ کے نقصان پر 278 رنز بنائے تھے، عثمان خواجہ 95 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔ آسٹریلین اننگز کی خاص بات جارحانہ بیٹنگ تھی جس کی بدولت انہوں نے 4.79 کی اکانومی سے رنز بنائے۔ سیریز کے پہلے ٹسٹ میچ میں 39 رنز سے کامیابی کی بدولت آسٹریلیا کو 1-0 کی برتری حاصل ہے۔