اظہر الدین کی خواہش پر انجن کمار یادو جذباتی،سکندرآباد کے علاوہ حلقوں سے مقابلہ کرنے کا مشورہ ، عابد رسول خاں کی تائید

حیدرآباد ۔ 16 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : صدر حیدرآباد سٹی کانگریس و سابق رکن پارلیمنٹ ایم انجن کمار یادو نے سابق کرکٹر محمد اظہر الدین کی حلقہ سکندرآباد سے مقابلہ کی خواہش پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں حیدرآباد یا ریاست کے کسی دوسرے حلقہ کا انتخاب کرنے کا مشورہ دیا ۔ سابق مرکزی وزیر سروے ستیہ نارائنا اور تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر عابد رسول خاں نے انجن کمار یادو کی پیش کردہ تجویز کی حمایت کی جبکہ سکریٹری اے آئی سی سی وی ہنمنت راؤ اجلاس سے اُٹھ کر چلے گئے ۔ اندرا بھون میں آج سٹی کانگریس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پارٹی کو تنظیمی سطح پر مستحکم کرنے اور بوتھ کمیٹیاں تشکیل دینے کا جائزہ لیا گیا ۔ اظہر الدین کی خواہش پر انجن کمار یادو جذباتی ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ برسوں سے حیدرآباد میں کانگریس کو مستحکم کرنے کیلئے خدمات انجام دے رہے ہیں اور دو مرتبہ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد سے کانگریس کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے ہیں اور بی جے پی کو شکست دینے کیلئے گذشتہ 4 سال سے حلقہ لوک سبھا سکندرآباد میں پارٹی کارکنوں کے درمیان رہ کر کام کررہے ہیں ۔ الیکشن سے عین قبل محمد اظہر الدین نے جس خواہش کا اظہار کیا ہے ۔ اس سے ان کے حامیوں اور پارٹی کارکنوں میں بے چینی پیدا ہوگئی ہے ۔ وہ جو آج ردعمل کا اظہار کررہے ہیں یقینا الفاظ ان کے ہیں مگر احساسات پارٹی کارکنوں کے ہیں ۔ انجن کمار یادو کی تقریر کے دوران ان کے حامی انجن کمار یادو زندہ باد کانگریس پارٹی زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجلاس پارٹی کو تنظیمی سطح پر مستحکم کرنے کیلئے طلب کیا گیا ہے ۔ بعد ازاں انجن کمار یادو نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر پارٹی ہائی کمان سے تبادلہ خیال کریں گے ۔ مقابلہ کرنے کے معاملے میں ہائی کمان کا جو بھی فیصلہ ہوگا وہ اور ان کے فرزند انیل کمار یادو اس کا احترام کریں گے ۔۔