اطلاعاتی ٹکنالوجی عملہ کا تحفظ ہمارا فرض: ممتا بنرجی

نوٹ بندی :ترنمول کانگریس کا راجیہ سبھا سے واک آئوٹ ، حکومت پر انتقامی سیاست کا الزام

کولکتہ/ نئی دہلی، 2 فروری (سیاست ڈاٹ کام)امریکہ میں H1B ویزا کے بارے میں اطلاعات پر اظہار فکرمندی کرتے ہوئے چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج کہا کہ یہ حکومت ہند کا فرض ہے کہ ہندوستانی اطلاعاتی ٹکنالوجی کمپنیوں کے ملازمین کے مفادات کا بیرون ملک تحفظ کرے۔ صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ ایک نئے حکمنامہ پر دستخط کرنے والے ہیں جس کا مقصد H1B ویزا کے نظام میں ردوبدل ہے۔ ہندوستان نے منگل کے دن اس کے بارے میں اپنے مفادات اور اندیشوں سے حکومت امریکہ کو واقف کروایا تھا۔ ترنمول کانگریس نے نوٹ بندی کی مخالفت کے معاملے میں حکومت پر انتقامی کارروائی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آج راجیہ سبھا سے واک آؤٹ کیا۔ ڈپٹی چیئرمین پی جے کورین نے آج صبح ضروری قانون سازی کے کام کاج نمٹانے کے بعد وقفہ صفر کی کارروائی شروع کرنے کے لئے جیسے ہی متعلقہ رکن کا نام پکارا تو ترنمول کانگریس کے ڈیریک او برائن اپنی سیٹ پر کھڑے ہو گئے اور کہا کہ نوٹ بندي کے معاملے پر ایوان میں بحث کی گئی ہے اور پورا اپوزیشن اس معاملے میں متحد ہے ۔ نوٹ بندي کی وجہ سے لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے اور تقریبا 135 اموات بھی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس نے لوگوں کی پریشانیوں کو زور و شور سے اٹھایا ہے اور حکومت پر سخت نکتہ چینی کی ہے ، اسی لئے مودی حکومت ترنمول کانگریس کے لیڈروں کو جیل میں بند کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سیاسی انتقام کے جذبے سے کام کر رہی ہے اور اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔

حکومت کو اپنا رویہ تبدیل کرنا چاہئے ۔ انہوں نے اس معاملے پر بحث کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔ دریں اثناء، کانگریس کے آنند شرما نے اس معاملے پر بولنا چاہا لیکن مسٹر کورین نے انہیں اجازت نہیں دی۔ اس کے بعد ترنمول کانگریس سکھیندو شیکھر رائے بھی بولنے کے لئے کھڑے ہو گئے لیکن انہیں بھی اجازت نہیں دی گئی۔ اس پر مسٹر رائے واک آؤٹ کا اعلان کرتے ہوئے اپنی پارٹی کے تمام ارکان کے ساتھ ایوان سے باہر چلے گئے ۔ انہوں نے ‘مودی کی آمریت نہیں چلے گی’ کے نعرے بھی لگائے ۔راجیہ سبھا سے ترنمول کانگریس کے واک آؤٹ کے بعد پارلیمانی امور کے وزیر مملکت مختار عباس نقوی نے کہا کہ ترنمول کانگریس کے لیڈروں کی گرفتاری گھوٹالے اور بدعنوانی کے معاملے میں ہوئی ہے ۔ پورا ملک بدعنوانی کے خلاف متحد ہے ۔ اس معاملے میں قانون اپنا کام کر رہا ہے اور حکومت کا اس سے کچھ لینا دینا نہیں ہے۔ واضح ر ہے کہ ترنمول کانگریس کے دو لیڈروں سدیپت بندوپادھیا ئے اور تاپس پال چٹ فنڈ گھوٹالے میں شامل ہونے کے الزام میں گرفتار کئے گئے ہیں۔ ترنمول کانگریس نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے پہلے دو دن کی کارروائی میں حصہ نہیں لیا تھا۔