حیدرآباد۔28ستمبر ( سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے ریاست کے اضلاع کی ازسرنو تنظیم جدید ( تشکیل جدید) کے سلسلہ میں پہل کر کے ایک کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے احکامات جاری کی ہے ۔ باوثوق سرکاری ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ چیف سکریٹری حکومت تلنگانہ ڈاکٹر راجیو شرما کی قیادت میں اضلاع کی تنظیم جدید کمیٹی تشکیل دی ہے اور اس کمیٹی میں محکمہ جات ریونیو ‘ بلدی ‘ نظم و نسق ‘ شہری ترقیات ‘ پنچایت راج ‘ رورل ڈیولپمنٹ کے پرنسپال سکریٹریز کوبحیثیت ارکان شامل کئے گئے جبکہ مختلف محکمہ جات کے عہدیدار کمیٹی کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے ۔ بتایا جاتا ہیکہ تشکیل دی گئی اعلیٰ سطحی اضلاع کی تنظیم جدید کمیٹی اضلاع ‘ ڈیویژنس اور منڈلوں کی تشکیل جدید ( تنظیم جدید) سے متعلق مذکورہ مقامات کا دورہ کرتے کے تفصیلات سے واقفیت حاصل کرے گی اور بعد ازاں اپنی قطعی رپورٹ مرتب کر کے حکومت کو پیش کرے گی اور اس رپورٹ کی بنیاد پر حکومت سنجیدگی کے ساتھ غور کرنے کیلئے اضلاع ‘ ریونیو ڈیویژن‘ منڈلوں وغیرہ کی تشکیل جدید( تنظیم جدید) عمل میں لانے کے اقدامات کرے گی۔