بے قاعدگیاں نہیں ہیں تو کے سی آر وضاحت کریں ، آج شام 5 بجے تک اندرا پارک پر ہم موجود ہیں : ڈی کے ارونا
حیدرآباد 3 ستمبر ( سیاست نیوز ) گدوال کو ضلع بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے حیدرآباد میں دو روزہ بھوک ہڑتال کرنے والی کانگریس رکن اسمبلی مسز ڈی کے ارونا نے کہا کہ وہ اندرا پارک پر 4 ستمبر کو 5 بجے تک رہیں گی ۔ نئے اضلاع کی تشکیل پر کھلے عام مباحث کیلئے اندرا پارک آنے کا چیف منسٹر کے سی آر کو چیلنج کیا ۔ گدوال اور جنگاؤں کو ضلع بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے دونوں سابق وزرا مسز ڈی کے ارونا اور مسٹر پنالہ لکشمیا نے آج سے اندرا پارک پر بھوک ہڑتال کا آغاز کیا ۔ اس موقع پر مسز ڈی کے ارونا نے کہا کہ گدوال کو ضلع بنانے گذشتہ دو ماہ سے گدوال میں احتجاج کیا جارہا ہے ۔ حکومت نے اس پر کوئی ردعمل کا اظہار نہیں کیا اور نہ ہی کل جماعتی اجلاس میں کانگریس کی تجاویز پر کوئی غور کیا گیا ۔ کانگریس جمہوریت پر یقین رکھنے والی جماعت ہے ۔ عوامی آواز کو حکومت تک پہونچانے آج سے دو روزہ بھوک ہڑتال شروع کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ نئے اضلاع کی تشکیل میں جغرافیائی اعتبار کو نظر انداز کرکے سیاسی فائدے اور دوسری جماعتوں سے ٹی آر ایس میں شامل ہونے والے ارکان اسمبلی کو فائدہ پہونچانے اضلاع کی تقسیم کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئے اضلاع کی تشکیل کیلئے وہ اتوار کی شام تک اندرا پارک پر موجود ہیں ۔ اگر بے قاعدگیاں نہیں ہیں تو چیف منسٹر اندرا پارک پہونچکر اس کی وضاحت کریں وہ اضلاع کی تقسیم اور نئے اضلاع کی تشکیل پر مباحث کیلئے تیار ہیں ۔ ڈی کے ارونا نے کہا کہ اگر چیف منسٹر کسی وجہ سے نہیں آسکتے تو وہ ریاستی وزرا کے ٹی آر اور ہریش راؤ سے بھی مباحثہ کیلئے تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی جذبات کا احترام کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ حکومت نئے اضلاع کیلئے درکار سہولتوں کو نظر انداز کرکے صرف سیاسی مفادات کیلئے نئے اضلاع بنا رہی ہے ۔ اس بھوک ہڑتال سے کانگریس قائدین نے اظہار یگانگت کیا اور اضلاع محبوب نگر اور نلگنڈہ پارٹی کارکنوں نے بھوک ہڑتال میں حصہ لیا ۔ ڈی کے ارونا نے کہا کہ حکومت کی ناکامی اور عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے چیف منسٹر نے نئے اضلاع اور منڈل کی تشکیل کو عوام کے سامنے پیش کیا ہے ۔ اضلاع کی تشکیل میں سائنٹفک پہلوؤں کو یکسر نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ قدرتی وسائل ، سرکاری آفسوں کی موجودگی اور دوسرے امور کو فراموش کیا جارہا ہے ۔ سابق وزیر نے کہا کہ گدوال کو نیا ضلع بنایا جاسکتا ہے ۔ نئے اضلاع کی تشکیل کیلئے درکار تمام ضروریات گدوال میں موجود ہیں وہ گدوال عوام کے ساتھ پدیاترا کرکے احتجاج کرچکی ہیں ۔ گدوال کے عوام کی آواز سننے چیف منسٹر تیار نہیں ہیں ۔ سابق صدر تلنگانہ کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا نے کہا کہ جنگاؤں کو نیا ضلع بنانے کا ماضی میں خود چیف منسٹر نے وعدہ کیا تھا تاہم جب نئے اضلاع تشکیل دینے پہل کا آغاز ہوا تو چیف وعدے سے منحرف ہوگئے ۔ ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ملو بٹی وکرامارک نے اندرا پارک پہونچکر گدوال اور جنگاؤں کو اضلاع بناتے ہوئے بھوک ہڑتال منظم کرنے والی مسز ڈی کے ارونا اور مسٹر پنالہ لکشمیا سے اظہار یگانگت کیا ۔