اضافی پابندیوں سے تعاون متاثر ہوگا، روس کا یورپی یونین کو انتباہ

ماسکو ، 26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) روس نے کہا ہے کہ یورپی یونین کی طرف سے اضافی پابندیاں سکیورٹی تعاون پر اثر انداز ہوں گی۔ آج روسی وزرات خارجہ کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ان نئی پابندیوں کے اعلان سے معلوم ہوتا ہے کہ یورپی یونین کی رکن مملکتیں روس کے ساتھ تعاون نہیں چاہتیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس ماحول میں بین الاقوامی اور علاقائی سطح پر تعاون جاری رکھنا مشکل ہو جائے گا۔ یورپی یونین نے ماسکو حکومت کے یوکرائن بحران میں ملوث ہونے پر روس اور یوکرائن کے پندرہ اعلیٰ اہلکاروں پر تازہ پابندیوں کا اعلان کیا ہے، جن میں سکیورٹی اداروں کے سربراہان بھی شامل ہیں۔

صومالیہ میں خوارک کی شدید قلت
جنیوا، 26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ صومالیہ کے جنگ زدہ دارالحکومت موغا دیشو میں ساڑھے تین لاکھ افراد کو خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ اس عالمی ادارے نے آج بتایا ہے کہ اس افریقی ملک کے متعدد شہروں میں قحط جیسی صورتحال کا خطرہ ہے جبکہ کئی دوسرے شہروں میں بھی امداد کی ضرورت ہے۔ موغا دیشو میں خوراک کی کمی سے نمٹنے کے لیے ملکی اور غیر ملکی امدادی ادارے فعال ہیں لیکن فنڈز کی کمی اور سکیورٹی کی مخدوش صورتحال کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔