اضافہ کا فیصلہ مشکل لیکن درست : ارون جیٹلی

نئی دہلی 21 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ریلوے کے مسافر بردار کرایوں اور شرح بار برداری میں بھاری اضافہ کی مدافعت کرتے ہوئے وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج کہا کہ جب مسافرین سفر کیلئے رقم ادا کرینگے اسی پر ریلوے کو باقی رکھا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے مسافر کرایوںا ور شرح باربرداری میں اضافہ کے بعد اپنے پہلے رد عمل میں کہا کہ مسافر خدمات کو باربرداری سے ہونے والی آمدنی سے مدد کی جا رہی تھی تاہم حالیہ دنوں میں شرح باربرداری پر بھی دباؤ بڑھ گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اب حکومت کے سامنے ریلوے کو کرایہ میں اضافہ کی اجازت دینے کا قرض کا بوجھ عائد کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں رہ گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر ریلوے نے ایک مشکل لیکن درست فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ گذشتہ چند برسوں سے ہندوستانی ریلویز کو نقصانات کا سامنا تھا اور اب اضافہ کی اس کیلئے واحد راستہ رہ گیا تھا ۔

وینکیا نائیڈوکی بھی مدافعت
چینائی ۔ 21 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ریل کرایوں میں اضافہ کے مرکز کے فیصلہ کی مدافعت کرتے ہوئے مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ریلوے کی حالت بہتر نہیں ہے اور رقم وسائل کی اسے ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جن ریلوے لائنس کے وعدے پہلے کئے جاچکے ہیں انہیں پورا کرنے کے لیے مزید چالیس سال درکار ہوں گے ۔ بیشتر وزراء نے کئی ریلوے لائنس کا اعلان کیا لیکن انہیں اب تک شروع نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تیزی سے ترقی کی خواہاں ہے اس لیے سخت فیصلے بھی ضروری ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ریلوے کی مالی حالت مستحکم نہیں ہے اس کے علاوہ کئی ریلوے پراجیکٹس اب تک شروع نہیں کئے جاسکے۔ وینکیا نائیڈو نے انہیں مرکزی وزیر بنائے جانے پر منعقدہ تہنیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت ریلوے کی مالی حالت کو بہتر بنانے کی خواہاں ہے اور اس کے لیے سخت فیصلے ناگزیر ہیں۔