اصلاحات و غریبوں کے مفادات میں توازن کی ضرورت

نئی دہلی 10 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ایسے وقت میں جبکہ حکومت کی جانب سے قدرتی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے امکانات پر غور کیا جا رہا ہے وزیر تیل مسٹر دھرمیندر پردھان نے آج کہا کہ اصلاحات کی فوری ضرورت اور غریبوں کے مفادات کو ذہن میں رکھتے ہوئے صحیح وقت پر صحیح فیصلہ کیا جائیگا۔ مسٹر پردھان نے کہا کہ ہم اس مسئلہ کے تمام پہلووں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ہم اس پر غور کر رہے ہیں۔ صحیح وقت پر صحیح فیصلہ کیا جائیگا ۔ انہوں نے یہ واضح کرنے سے انکار کردیا کیا کہ کب فیصلہ ہوگا اور کس نوعیت کا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی تباہ حال معیشت کو ترقی کی راہ پر لانا ہی نریندر مودی حکومت کی اولین ترجیح ہوگی اور معیشت کی رفتار کو دوبارہ تیز کرنے کیلئے جو کچھ کرنا ضروری ہوگا وہ کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ یو پی اے کے دور حکومت میں ملک کی معیشت کا دیوالیہ نکل گیا ہے اور اب نئی حکومت چاہتی ہے کہ معیشت کو مستحکم کیا جائے ۔ اس حکومت کی اولین ترجیح معیشت کو مستحکم بنانا ہے ۔ مسٹر پردھان نے کہا کہ این ڈی اے کی حکومت اصلاحات کی حامی ہے اور وہ ساتھ ہی غریبوں کے مفادات کا تحفظ کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اصلاحات مخالف غریب نہیں ہیں ۔ معاشی اصلاحات در اصل موافق غریب ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ان اصلاحات اور غریبوں کے مفادات کے مابین توازن برقرار رکھا جائے

اور حکومت ایسا کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر فی الحال مزید کوئی تبصرہ کرنا نہیں چاہتے ۔ گذشتہ چار سال میں پہلی مرتبہ قدرتی گیس کی نئی قیمتوں پر یکم اپریل ہی سے اطلاق ہونا چاہئے تھا تاہم قیمتوں کا تعین کئے جانے سے پہلے عام انتخابات کا اعلان کردیا گیا ہے اور اب قیمتوں کا تعین کرنے میں تاخیر ہوئی ہے ۔ گذشتہ ہفتے وزارت تیل کے ایک عہدیدار نے کہا کہ قدرتی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے تعلق سے یکم جولائی سے قبل فیصلہ کرلیا جائیگا ۔ وزارت تیل نے 21 اپریل کو ریلائنس انڈسٹریز سے کہا تھا کہ یکم جولائی سے قبل قدرتی گیس کی نئی شرح کا تعین کیا جائیگا ۔ کہا گیا ہے کہ نئی حکومت کی جانب سے اس مسئلہ پر رنگا راجن فارمولے پر عمل آوری کے تعلق سے کوئی واضح صورتحال سامنے آنے کے فوری بعد وزارت تیل کی جانب سے نئی قیمتوں کا اعلان کیا جائیگا ۔ رنگا راجن فارمولے کے مطابق قدرتی گیس کی قیمت دوگنی کرنے کی تجویز ہے ۔ مسٹر دھرمیندر پردھان نے یہ واضح کرنے سے گریز کیا کہ ان کی حکومت رنگاراجن فارمولے پر نظر ثانی کیلئے دوبارہ کابینہ کی منظوری حاصل کریگی یا نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اس مسئلہ پر کسی مناسب وقت پر مناسب فیصلہ کیا جائیگا۔