انگلینڈ کیخلاف تین میچز کی T20 سیریز کیلئے اسپن شعبے میں تبدیلیاں ۔ بی سی سی آئی کا اعلان
نئی دہلی ، 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) انڈیا کی حالیہ ٹسٹ اور او ڈی آئی سیریز فتوحات میں بولنگ کی زیادہ تر ذمہ داریاں نبھانے کے بعد روی چندرن اشوین اور رویندر جڈیجا کی اسپن جوڑی کو انگلینڈ کے خلاف آنے والے تین میچ کی T20 انٹرنیشنل سیریز کیلئے آرام دیا گیا ہے۔ لیگ اسپنر امیت مشرا اور آف بریک بولر پرویز رسول بطور متبادل کھلاڑی اس سیریز کیلئے منتخب کئے گئے، جو جمعرات کو شروع ہورہی ہے۔ بی سی سی آئی نے ایک بیان میں بتایا کہ آل انڈیا سینئر سلیکشن کمیٹی نے ٹیم انڈیا مینجمنٹ کے ساتھ مشاورت میں اشوین اور جڈیجا کو انگلینڈ کے خلاف Paytm ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز سے آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کرکٹ بورڈ نے مزید کہا کہ امیت اور پرویز انڈین اسکواڈ میں اشوین اور جڈیجا کی جگہ لیں گے۔ پہلا میچ 26 جنوری کو کانپور میں کھیلا جانا ہے۔ سیریز کے دیگر دو مقابلے 29 جنوری کو ناگپور میں اور یکم فبروری کو بنگلور میں کھیلے جائیں گے۔ اشوین نے ہندوستان کی نیوزی لینڈ پر 3-0 کی کلین سویپ اور انگلینڈ کے مقابل پانچ ٹسٹ کی سیریز میں 4-0 سے فتح میں ترتیب وار 27 اور 28 وکٹیں لئے، جبکہ جڈیجا نے انگلینڈ کے خلاف 26 اور نیوزی لینڈ کے خلاف 14 وکٹوں کے ساتھ اختتام کیا۔ 34 سالہ مشرا نے آخری مرتبہ نیوزی لینڈ کے خلاف اکٹوبر میں کھیلا تھا، جب انھوں نے پانچویں و آخری او ڈی آئی میں 5/18 کے زبردست اعداد و شمار درج کرائے تھے۔ وہ انگلینڈ کے خلاف گزشتہ روز اختتام پذیر تین میچ کی او ڈی آئی سیریز کیلئے اسکواڈ میں شامل رہے، لیکن کوئی میچ کھیل نہیں پائے۔ دوسری طرف آف اسپنر پرویز کا واحد او ڈی آئی 2014ء میں رہا اور تاحال وہ کوئی ٹی 20 انٹرنیشنل نہیں کھیلے ہیں۔ انھیں رانجی ٹروفی میں اُن کے متاثرکن پرفارمنس کی اساس پر منتخب کیا گیا ہے۔ گزشتہ سال نیوزی لینڈ کے مقابل ٹسٹ سیریز میں 3-0 کی سیریز جیت کے بعد اشوین اور جڈیجا دونوں کو اُس کے بعد والی او ڈی آئی سیریز کیلئے منتخب نہیں کیا گیا تھا تاکہ انھیں انگلینڈ کے خلاف پانچ ٹسٹ میچوں کیلئے تازہ دم رکھا جاسکے۔