نئی دہلی 13 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق چیف منسٹر مہاراشٹرا اشوک چاوان نے آج سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کرتے ہوئے بمبئی ہائیکورٹ کے ایک فیصلے کو چیلنج کیا ہے ۔ بمبئی ہائیکورٹ نے ایک سابقہ فیصلے کو کالعدم کرنے ان کی درخواست مسترد کردی تھی جس میں چاوان نے آدرش ہاوزنگ سوسائیٹی اسکام سے ان کا نام حذف کرنے کی استدعا کی تھی ۔ ہائیکورٹ کے حکمنامہ کے خلاف اس درخواست کی سماعت جسٹس جے چلمیشور کی قیادت والی بنچ پر 24 اپریل کو سماعت ہوگی ۔ عدالت نے حکومت مہاراشٹرا کے وکیل سے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر ٹرائیل عدالت میں سماعت پر التوا حاصل کرلیں۔ سینئر وکلا کپل سبل اور سلمان خورشید نے اپنی پارٹی کے لیڈر چاوان کے خلاف ہائیکورٹ کے حکمنامہ کی مذمت کی تھی ۔ سبل نے کہا کہ ہائیکورٹ کا حکمنامہ پر نظر ثانی ضروری ہے ۔ عدالت نے چاوان کے خلاف تمام امور کا جائزہ نہیں لیا تھا اور حکمنامہ جاری کردیا ۔