ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل،ماسک نکالنے پر بچے خوشی سے اچھل پڑے
حیدرآباد30دسمبر(سیاست ڈاٹ کام)بیڈ منٹن کے مشہور کھلاڑیوں اشونی پونپا اور کیدامبی سریکانت کے کھیل کو کون نہیں جانتا تاہم ان دونوں نے میک اپ اور ماسک لگاکر تلنگانہ کے سکندرآباد میں واقع گروڈا بیڈ منٹن اکیڈیمی پہنچ کر تمام کو حیرت زدہ کردیا کیونکہ اس اکیڈیمی کے بچے اور اہل کار ان کو پہچان نہیں پائے ۔یہ دونوں ضعیف شخص او رضعیف خاتون کا میک اپ و ماسک لگا کر یہاں پہنچے اور بیڈ منٹن کھیلا ۔اشونی پونپا ہندوستان کے لئے ویمنس ڈبلز، مکسڈ ڈبلز اور کیدامبی سریکانت ہندوستان کے لئے مینس سنگلز کھیلتے ہیں۔فی الحال یہ دونوں پریمیر بیڈ منٹن لیگ کھیل رہے ہیں۔ان دونوں نے ضعیفوں کے لباس میں پہنچ کر اس اکیڈیمی کے بچوں کو حیرت زدہ کردیا۔اس سلسلہ میں ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا جس میں دکھایا گیا ہے کہ یہ دونوں گروڈ اکیڈیمی میں جانے سے پہلے ضعیف افراد کا میک اپ کروارہے ہیں۔یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔اس ویڈیو میں ان دونوں کو بیڈ منٹن کھیلتے ہوئے بھی دکھایاگیاہے ۔حیرت کی بات یہ ہے کہ اس دونوں کو کوئی بھی پہچان نہیں پایا۔اس ویڈیو میں سریکانت نے ایک لڑکے سے کہا کہ وہ 25سال پہلے ایل بی اسٹیڈیم میں بیڈ منٹن کھیلاکرتے تھے ان کو پانچ منٹ کھیل کاموقع دیا جائے ۔یہ دونوں اس ویڈیو میں بوڑھے افراد کی بہتر اداکار ی اور کئی موقع پر ناقص شاٹس کے ذریعہ یہ ظاہر کرنے میں کامیاب ہوگئے کہ یہ دونوں ضعیف ہیں۔اس اکیڈیمی کے بچے جو، ان دونوں کے مداح ہیں ان کو پہچان نہیں پائے ۔بالاخر ان بچوں کی اس وقت حیرت کی کوئی انتہانہیں رہی جب ان دونوں نے وہاں پر اپنے چہرے پر لگے ماسک کو نکال دیاجس کے ساتھ ہی تمام بچے خوشی سے جھوم اٹھے ۔