اشرف غنی نے وزرا و انٹلی چیف کے استعفے مسترد کردئے

کابل 26 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) افغان صدر اشرف غنی نے آج انٹلی جنس سربراہ اوروزرائے دفاع و داخلہ کے استعفوں کو مسترد کردیا ہے جبکہ حکومت کو ملک میں بڑھتی ہوئی ہلاکت خیز تخریب کاری کی وجہ سے شدید تنقیدوں کا سامنا ہے ۔ صدر اشرف غنی نے وزیر دفاع طارق شاہ بہرامی ‘ وزیر داخلہ واعظ احمد برمک اور انٹلی جنس سربارہ معصوم ستانکزئی سے کہا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کی تکمیل جاری رکھیں۔ انہوں نے ان تینوں کے استعفوں کو مسترد کردیا جو کل پیش کئے گئے تھے ۔ صدر اشرف غنی نے ان کے استعفوں کو منظور نہیں کیا ہے اور انہیں ضروری ہدایات دی ہیں کہ وہ ملک میں صورتحال کو بہتر بنانے اپنی خدمات جاری رکھیں۔ کل اشرف غنی کے طاقتور قومی سکیوریٹی مشیر محمد حنیف اتمیر نے استعفی پیش کردیا تھا جس سے اتحادی حکومت کو جاریہ سال اکٹوبر میں ہونے والے انتخابات سے قبل بڑا جھٹکا لگا تھا ۔