اشرف غنی اور مالکم ٹرنبل کے درمیان سیکوریٹی بات چیت کا اہم موضوع

کینبرا ۔ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدر افغانستان اشرف غنی اپنے دورہ آسٹریلیا کے دوران وزیراعظم آسٹریلیا کے ساتھ خواتین کو بااختیار بنانے اور سیکوریٹی جیسے حساس معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اشرف غنی کل رات ملک کے دارالخلافہ کینبرا پہنچے جو کسی بھی افغان صدر کا پہلا دورہ آسٹریلیا ہے۔ اسی دوران وزیراعطم آسٹریلیا مالکم ٹرنبل نے ایک بیان دیتے ہوئے دونوں ممالک کے مستحکم تعلقات پر زور دیا اور کہا کہ اشرف غنی کا دورہ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ دونوں ممالک ایک دوسرے سے قریب تر ہونے کوشاں ہیں۔ یاد رہیکہ آسٹریلیا کے گورنر جنرل پیٹر کاسگرو سے ملاقات اور جنگی یادگار پر گلہائے عقیدت پیش کرنا بھی اشرف غنی کے پروگرام میں شامل ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ 2001ء میں امریکی قیادت میں افغان پر کی گئی فوج کشی میں آسٹریلیا کے 41 ٹروپس بھی مارے گئے تھے۔