اشتہاری مہم کے لیے ایم سی ایم سی کی اجازت ضروری

حیدرآباد ۔ 26 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : کلکٹر حیدرآباد نے آج تمام سیاسی امیدواروں ، سیاسی جماعتوں کو اس بات سے مطلع کیا کہ وہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں اپنی اشتہاری مہم کے لیے میڈیا سرٹیفیکشن اینڈ مانٹرنگ کمیٹی ( ایم سی ایم سی ) کی منظوری کو یقینی بنائے ۔ یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کلکٹر حیدرآباد ایم مکیش کمار مینا جن کے ہمراہ جوائنٹ کلکٹر سریدھر بھی موجود تھے نے کہا کہ سیاسی جماعتوں اور امیدوار جو انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں ٹی وی اور اخبارات میں انتخابی اشتہارات کے لیے ایم سی ایم سی سے قبل از وقت اجازت حاصل کرلیں ۔ انہوں نے اس بات سے مطلع کیا کہ الیکشن کمیشن نے اس سلسلہ میں بشمول حیدرآباد تمام اضلاع میں کمیٹیاں تشکیل دی ہے اور رہنمایانہ خطوط جاری کرچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیڈ نیوز (پیسہ دے کر خبر چھپوانا ) ممنوع ہے ۔

جب کہ امیدوار اور سیاسی جماعتیں اشتہارات دینے کے لیے آزاد ہیں تاہم انہیں اس کے لیے ایم سی ایم سی سے قبل از وقت منظوری حاصل کرنا ہوگا اور اگر قبل از وقت اجازت نہ حاصل کی گئی ہو اور اگر کوئی پیڈ نیوز کی اشاعت عمل میں آنے پر امیدوار یا سیاسی جماعت کو رٹرننگ آفیسر کے ذریعہ نوٹس روانہ کی جائے گی اور 48 گھنٹے امیدوار کو اس نوٹس کا جواب دینا ہوگا ۔ کلکٹر حیدرآباد نے بتایا کہ امیدوار انتخابی مہم کے لیے پمفلٹس ، ہینڈ آوٹس پوسٹر وغیرہ کا استعمال کرسکتے ہیں تاہم اس کے لیے کمشنر جی ایچ ایم سی کو ایک ڈیکلریشن دینا ہوگا اور کمشنر جی ایچ ایم سی اس کو ایم سی ایم سی سے رجوع کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حتی کہ سوشیل میڈیا جیسے ٹوئیٹر کو بھی کمشنر جی ایچ ایم سی سے منظوری حاصل کرنی ہوگی ۔ ضلع کلکٹر نے سیاسی جماعتوں کے ساتھ اجلاس کا انعقاد عمل میں لاتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی انتخابی مہم کے لیے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر اور دیگر اشتہارات پر ضروری منظوری حاصل کریں ۔۔