اشتعال انگیز تقریر پر اکبر اویسی کی گرفتاری کا حکم

کشن گنج ۔ 7 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مجلس کے متنازعہ رکن اسمبلی اکبرالدین وایسی کو کشن گنج کے ایک انتخابی جلسہ میں مبینہ طور پر اشتعال انگیز تقریر کے ضمن میں مقدمہ درج کئے جانے کے بعد اب گرفتاری کا سامنا ہے۔ بہار میں ضلع کشن گنج کے تحت کوچودھامن پولیس اسٹیشن میں پیر کو ایک مقدمہ درج کئے جانے کے بعد ضلع سپرنٹنڈنٹ پولیس راجیو رنجن نے ان (اکبر اویسی) کے خلاف گرفتاری کا حکم جاری کیا۔ مجلس کے صدر اور حیدرآباد ایم پی اسدالدین اویسی کے چھوٹے بھائی اکبر اویسی، تلنگانہ اسمبلی کے رکن ہیں۔ اس مسئلہ پر ردعمل کیلئے حیدرآباد میں اخباری نمائندوں کے ایک سوال پر اسدالدین اویسی نے کہا کہ ’’ہماری لیگل (قانونی) ٹیم اس مسئلہ سے نمٹے گی‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں اس بات پر کوئی تبصرہ کرنا نہیں چاہتا کہ کس قسم کی زبان استعمال کی جانی چاہئے اور کس قسم کی زبان استعمال نہیں کی جانی چاہئے۔ گجرات میں جب 3000 افراد ہلاک ہوگئے تھے اس وقت کے چیف منسٹر کچھ کرنے میں ناکام ہوگئے تھے۔ کوئی بھی اس بات کو فراموش نہیں کرسکتا‘‘۔ اکبرالدین اویسی کی گرفتاری کیلئے بہار پولیس کی حیدرآباد روانگی یا پھر ان (اکبر اویسی) کی کشن گنج میں آمد تک انتظار کرنے سے متعلق ایک سوال پر کشن گنج کے ایس پی نے کہا کہ ’’یہ کارروائی کی تفصیلات ہیں جو میں دوسروں کو نہیں بتا سکتا‘‘۔