۔6 مرتبہ کامیابی پر اللہ کا شکر ادا کرنے والے وزیر کو بی جے پی رکن اسمبلی کا جواب
بنگلورو ۔ 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک میں بی جے پی کے ایک رکن اسمبلی نے کہا ہیکہ حلقہ بنٹوال میں ہونے والے اسمبلی انتخابات اللہ اور رام کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ وہ ایک ریاستی وزیر کا جواب دے رہے تھے۔ اس وزیر نے کہا کہ اس حلقہ سے انہیں اللہ اور مسلمانوں کی بدولت مسلسل کامیابی حاصل ہوتی رہی ہے۔ وی سنیل کمار نے جو حلقہ کارکلا کی نمائندگی کرتے ہیں۔ فرقہ وارانہ طور پر حساس حلقہ بنٹوال کے انتخاب کو ہندوؤں کے وقار کا مسئلہ قرار دیا۔ کرناٹک میں رواں سال کے اوائل میں اسمبلی انتخابات منعقد ہوں گے۔ بنٹوال کے رکن اسمبلی اور ریاستی وزیر راماناتھ رائے نے کہا تھا کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی اور مسلم برادری کے سیکولر مزاج کی بدولت انہیں اس حلقہ سے مسلسل کامیابی حاصل ہوتی رہی ہے۔ رائے نے حال ہی میں کہا تھا کہ ’’مجھے اگر حلقہ بنٹوال سے مسلسل چھ مرتبہ رکن اسمبلی بننے کا موقع ملا ہے تو یہ صرف اللہ تعالیٰ کے رحم و مہربانی اور مسلمانوں کے سیکولر مزاج کی مرہون منت ہے۔ راماناتھ رائے کے ان تبصروں کے جواب میں بی جے پی لیڈر سنیل کمار پیر کو کلاڈکا میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’یہ انتخاب ہندوؤں کی عزت نفس کا مسئلہ ہے۔ میں اخبار میں یہ پڑھا ہوں جس پر مجھے حیرت ہے کہ ایک رکن اسمبلی جو چھ مرتبہ اس حلقہ سے منتخب ہوئے ہیں، یہ کہہ رہے ہیں کہ اللہ کے فضل و کرم کی بدولت کامیاب ہوئے ہیں‘‘۔ کمار نے کہا کہ ’’دوستوں سے میں درخواست کرنا چاہتا ہوں کہ یہ انتخابات راجیش نائیک (بی جے پی) اور راماناتھ رائے (کانگریس) کے درمیان نہیں بلکہ اللہ اور رام کے درمیان ہوں گے۔ بنٹوال کس کو چاہتا ہے یہ فیصلہ کرنا ہوگا۔ آیا ہم بار بار اللہ کی جیت ہونے دیں گے یا پھر ایک ایسے شخص کو جتائیں گے جو رام کی کامیابی چاہتا ہے اور بنٹوال کے عوام کو اس کا فیصلہ کرنا ہوگا‘‘۔