کانگریس کی تنظیمی طاقت کا نتیجہ، چیف منسٹر کا فیصلہ ہائی کمان پر منحصر
رائے پور 11 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) چھتیس گڑھ میں 15 سال کے وقفہ کے بعد کانگریس اب حکمراں بی جے پی سے اقتدار چھین لینے کے لئے پوری طرح تیار ہوچکی ہے اور اس پارٹی کے ریاستی صدر بھوپیش باگھیل نے اس متاثرکن مظاہرہ کا کریڈٹ کانگریس کی تنظیمی طاقت کو دیا ہے اور کہاکہ اُنھیں اس بھاری اکثریت سے فتح کی توقع نہیں تھی۔ 90 رکن اسمبلی میں کانگریس کو 62 نشستیں حاصل ہوچکی ہیں اور حکمراں بی جے پی 13 نشستوں کے ساتھ اس سے بہت پیچھے رہتے ہوئے بہت دور کے دوسرے نمبر پر ہے۔ بھاگیل نے اپنی پارٹی کی شاندار فتح پر پی ٹی آئی سے کہاکہ ’ہمیں عوام کے اس حد تک بڑے آشیرواد کی توقع نہیں تھی۔ ہم تقریباً 60 نشستوں کی توقع کئے تھے‘۔ چھتیس گڑھ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نے جو ٹی ایس سنگھ دیو کے ساتھ چیف منسٹر کے عہدہ کے ایک اہم اور طاقتور دعویدار ہیں، کہاکہ آئندہ چیف منسٹر کے بارے میں فیصلہ ہائی کمان پر منحصر ہوگا۔ باگھیل نے کہاکہ ’مجھے جو ذمہ داری دی گئی تھی، مَیں اُس کی تکمیل کرچکا ہوں۔ ہائی کمان اس (چیف منسٹر) کا فیصلہ کرے گا‘۔