گرین ٹیک فاؤنڈیشن کی کانفرنس ، مرکزی وزیر وائی ایس چودھری کا خطاب
حیدرآباد۔/29نومبر، ( این ایس ایس ) نئی دہلی کے ادارہ گرین ٹیک فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ’ جامع ترقی کیلئے پائیداری ‘ کے زیر عنوان منعقدہ دو روزہ نیشنل میٹ کا کل رات یہاں ایچ آئی سی سی پر اختتام ہوا۔ مرکزی وزیر مملکت برائے سائنس اینڈ ٹکنالوجی وائی ایس چودھری نے اس ایونٹ میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور نیویلی لگنائٹ کارپوریشن کے سی ایم ڈی سرت کمار آچاریہ کو گرین ٹیک کارنامہ حیات ایوارڈ بھی پیش کیا۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ کارپوریٹ کمپنیوں کے ایم پی ایل اے ڈی ایس فنڈس اور اس کے ساتھ سی ایس آر ( کارپوریٹ سماجی ذمہ داری ) فنڈس سرکاری اسکیمات پر عمل درآمد کیلئے راست فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ انڈیا کو دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے چار باتوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے جیسے تعلیم، صحت، روزگار اور زراعت۔ اس موقع پر آر کے دوبے سابق سی ایم ڈی کنارا بینک اور ڈاکٹر آر کے سوامی، سابق ڈائرکٹر ، مرکزی وزارت جنگلات و ماحولیات بھی موجود تھے۔