اسکیمات کیلئے حکومت سے بجٹ کی اجرائی کی ضرورت

اقلیتی فینانس کارپوریشن کا اجلاس ، کئی اسکیمات سست رفتاری کا شکار
حیدرآباد ۔ 22 ۔ مئی (سیاست نیوز) اقلیتی فینانس کارپو ریشن نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ اہم اسکیمات پر عمل آوری کیلئے درکار بجٹ فوری جاری کیا جائے ۔ بجٹ کی عدم اجرائی کے سبب دو اہم اسکیمات پر عمل آوری متاثر ہوئی ہے۔ فینانس کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائرکٹرس کا اجلاس صدرنشین سید ا کبر حسین کی صدارت میں منعقد ہوا۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم ، مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن ایم اے وحید اور دیگر ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں شریک ڈائرکٹر اقلیتی بہبود سے خواہش کی گئی کہ وہ بجٹ کی اجرائی کے سلسلسہ میں حکومت سے نمائندگی کریں گے۔ بینکوں سے مربوط سبسیڈی اسکیم اور ٹریننگ ایمپلائیمنٹ اسکیم بجٹ کی کمی کا شکار ہیں۔ 2015-16 ء سے سبسیڈی اسکیم کے سلسلہ میں درخواستیں طلب نہیں کی گئیں ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ کمپیوٹر سنٹرز اور لائبریبریز کے 167 ملازمین کو باقاعدہ تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے ہیڈ آف اکاؤنٹ اردو اکیڈیمی سے فینانس کارپوریشن منتقل کیا جائے گا ۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود نے تیقن دیا کہ کمپیوٹر سنٹرس اور لائبریریز کے بجٹ کو وہ راست طور پر فینانس کارپوریشن منتقل کردیں گے۔ اس طرح کمپیوٹر سنٹرس اور لائبریریز کے سلسلہ میں ایک اہم رکاوٹ دور ہوگئی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 167 ملازمین کی خدمات شادی مبارک اسکیم کیلئے استعمال کی جائیں۔ تاکہ درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی ممکن ہو۔ اکثر یہ شکایت ملی ہے کہ شادی کے بعد شادی مبارک کی امداد موصول ہورہی ہے۔ ضرورت پڑنے پر اقلیتی فینانس کارپوریشن کے ملازمین کی خدمات حاصل کی جائیں گی ۔ اون یوور کار اسکیم کے تحت 343 منتخب امیدواروں کو سبسیڈی کی اج رائی کیلئے محکمہ فینانس سے 15 کروڑ 20 لاکھ روپئے کی اجرائی باقی ہے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود نے اس سلسلہ میں محکمہ فینانس سے نمائندگی کا تیقن دیا ۔ مینجنگ ڈائرکٹر کارپوریشن ایم اے وحید نے دیگر اسکیمات کی پیشرفت اور درکار بجٹ کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کی اجرائی کی صوبرت میں چھوٹے تاجروں کے لئے مائیکرو فینانس اسکیم کا آغاز کیا جاسکتا ہے۔ تلنگانہ کے بعض علاقوں میں غیر سرکاری ادارے مائیکرو فینانس اسکیم پر بہتر عمل آوری کر رہے ہیں۔