اسکول نذرآتش کرنے کی مذمت حکومت اور علحدگی پسندوںپر عمر عبداللہ کی تنقید

سرینگر ۔ 30اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اپوزیشن نیشنل کانفرنس کے کارگزار صدر عمرعبداللہ نے آج اسکولوں کو کشمیر کے مختلف علاقوں میں نذرآتش کرنے کے واقعات پر گہرے رنج و غم اور مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اپنے مستقبل سے بچوں کی مایوسی کے تباہ کن نتائج ہے اور ریاستی حکومت اور علحدگی پسندوں کو اس صورتحال کا ذمہ دار قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اسکولس خود اعتمادی کی کلید ہیں ۔ آئندہ نسل کے لئے وقار اور بااختیاری فراہم کرتے ہیں ۔ اسکولس پر کوئی حملہ ہمارے بچوں ‘ ان کے مستقبل اور اُن کے خوابوں پر حملہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ واضح طور پر اس صورتحال کی صرف ریاستی حکومت ہی نہیں بلکہ علحدگی پسند بھی ذمہ دار ہیں ۔