پٹنہ ۔ 14 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے ایک موِضع میں چلائے جارہے سرکاری مڈل اسکول میں زیرتعلیم نابالغ لڑکی آج اسکول میں منعقد کئے گئے طبی چیک اپ میں حاملہ پائی گئی۔ استفسار کرنے پر اس نے بتایا کہ ایک چائے فروخت کرنے والا گذشتہ چار ماہ سے اس کے ساتھ جنسی زیادتی کررہا تھا۔ گوپال گنج ڈسٹرکٹ کے موضع میر گنج میں واقع نارائنا مڈل اسکول میں ساتویں جماعت کی طالبہ طبی چیک اپ کے دوران حاملہ پائی گئی تھی جس نے ٹیچرس کے علاوہ دیگر طلباء و طالبات اور گاؤں والوں کو حیرت زدہ کردیا۔ انہوں نے ملزم کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ دریں اثناء گوپال گنج سپرنٹنڈنٹ آف پولیس انیل کمار نے بتایا کہ خواتین کے پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے اور ملزم کو جلد ہی گرفتار کرلیا جائے گا۔ ملزم نریش مدیسیا فرار بتایا گیا ہے۔ متاثرہ طالبہ کا خاندان انتہائی غریب ہے اور گذر بسر کے لئے جو کام مل جائے کرلیتے ہیں۔