اسکول مینجمنٹ لیڈرس ، پرنسپلس اور اساتذہ کیلئے سیمینار

27 اور 28 ستمبر کو نامپلی میں مقرر ، اسلامک اسکول لیڈرشپ کا اعلان
حیدرآباد۔ 21 ستمبر (پریس نوٹ) دُنیا کی ہر چیز کی قیمت لگائی جاسکتی ہے، لیکن کسی شریف، نیک، سچے، بہادر اور اُصولوں کے پکے انسان کی قیمت نہیں لگائی جاسکتی۔ یہ سب انسان کی تعلیم و تربیت پر منحصر ہے جس میں والدین اور اساتذہ دونوں شامل ہیں۔ بچہ دماغی قوت لے کر پیدا تو ہوتا ہے لیکن دماغی قوت کو وہ ترقی دیتا ہے، ذہنی غذا سے، علمی نظام سے، معاشرہ کے فنون سے، مذہب سے، اخلاق سے، اصولوں سے، قانون سے، معاشرہ کے رسم و رواج سے، بڑی بڑی شخصیتوں کی زندگی سے، معاشرہ میں خاندانی زندگی کے نمونوں سے اور مدرسوں سے، مطلب یہ کہ اس کی ترقی کسی ایک کی محتاج نہیں، اس کے لئے ہر ایک کو اپنی ذمہ داری نبھانی ہے تب ہی ہم ایک صحت مند معاشرہ اور ایک ذمہ دار فرد، ایک خوش حال خاندان، اور ایک پرسکون زندگی کی اُمید کرسکتے ہیں، جس قوم میں محنت، جفاکش اور کسب حلال کی عادت ہو تو وہ قوم ترقی کرتی ہے۔ اس کے لئے ضروری ہے دینی تعلیم ،جس سے اخلاق، ذمہ داری، فرض اور اُصول کی تربیت ہوتی ہے۔ ہمیں تو ان سب کے لئے اس رسی کو مضبوطی سے پکڑنا ہے جس سے ہماری یہ ساری باتیں جڑی ہوئی ہیں۔ عصری اور دینی تعلیم میں توازن برقرار رکھنے کے لئے ’’اسلامک اسکول لیڈرشپ‘‘ کے زیراہتمام شہر حیدرآباد میں 27 اور 28 ستمبر 2014ء کو اسکول مینجمنٹ لیڈرس، پرنسپلس اور اساتذہ کیلئے ایک سیمینار بمقام کانفرنس ہال گرانڈ ایلائٹ ہوٹل، نامپلی اسٹیشن روڈ پر منعقد ہوگا جس میں اسلامی اقدار، قرآن اور حدیث کی روشنی میں تعلیمی لیڈرشپ کی تیاری کے عنوان پر ملک کے نامور ماہرین تعلیم اور کونسلرس مخاطب کریں گے۔ مزید تفصیلات www.diopin.in پر ملاحظہ کریں۔