میرٹھ 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ضلع میرٹھ میں آج سڑک کے کنارے واقع ایک درخت سے اسکول بس کے ٹکرانے سے 24 طلباء زخمی ہوگئے جس میں 4 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ سردھان ٹاؤن میں یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب کیمبرج پبلک اسکول کی بس ایک درخت سے متصادم ہوگئی جس میں سوار بیشتر بچے زخمی ہوگئے۔ ڈرائیور گلشن نے بتایا بس میں اچانک خرابی پیدا ہوجانے سے اسٹرینگ گھوم نہیں رہا تھا۔ تاہم پولیس کی ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ اسکول بس تیز رفتار تھی۔ اور ایک اسپیڈ بریکر پر اچانک بریک لگانے سے ایک طالب علم زخمی ہوکر چیخ پڑا اور ڈرائیور جب پلٹ کر دیکھ رہا تھا کہ بس ایک درخت سے ٹکرا گئی۔ تمام زخمی طلباء کو مقامی ہاسپٹل میں شریک کروایا گیا ہے جن میں 4 کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔