اسلام آباد /29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے آج ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں ملک کی صیانتی صورت حال کا جائزہ لیا گیا اور عہد کیا کہ تعلیمی اداروں میں بچوں کو ہلاک کرنے کے گھناؤنے جرم کے مرتکبین کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔ نواز شریف کو 20 جنوری کے باچا خان یونیورسٹی چارسدہ کے حملے کی تفصیلات سے واقف کروایا گیا تھا، جن میں 21 افراد بیشتر طلبہ ہلاک ہو گئے تھے۔ وزیر اعظم نے اپنے حکومت کے اس عہد کو دہرایا کہ دہشت گردی کے خلاف اس وقت تک جنگ جاری رکھی جائے گی، جب تک کہ پاکستان کی سرزمین سے آخری دہشت گرد کا صفایا نہیں ہوجاتا۔ بے قصور بچوں کو تعلیمی اداروں میں قتل کرنے والے افراد کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کا بھی وزیر اعظم پاکستان نے عہد کیا۔ اس اجلاس میں پاکستان کی بحیثیت مجموعی صیانتی اور معاشی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر فینانس اسحاق ڈار، وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان اور دیگر کئی سینئر عہدہ داروں نے شرکت کی۔