سٹی پولیس کی جانب سے مختلف منصوبوں و ریالیوں پر عمل آوری
حیدرآباد ۔ /27 جون (سیاست نیوز) شہر میں اسکولی طلبہ کی حفاظت کیلئے سخت گیر اقدامات کو عمل میں لایا جارہا ہے ۔ مصروف ترین اوقات میں آمد و رفت کو آسان بنانے طلبہ اور اولیائے طلبہ کو سکون و راحت فراہم کرنے بالخصوص طلبہ کی حفاظت کے لئے حیدرآباد سٹی پولیس نے نیا منصوبہ تیار کرلیا ہے اور ایک نئی پالیسی کو تیار کرتے ہوئے اس پر سخت اقدامات کو عمل میں لایا جائے گا ۔ یہ بات ایڈیشنل کمشنر ٹریفک حیدرآباد سٹی پولیس مسٹر ڈاکٹر اے رویندر نے بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں /29 جون کو ایک اجلاس منعقد کیا جارہا ہے ۔ رویندرا بھارتی میں منعقد ہونے والے اس اجلاس میں سٹی پولیس کے علاوہ ٹریفک ، بلدیہ ریونیو اور محکمہ تعلیم آر ٹی سی و دیگر محکموں کے اعلیٰ عہدیدار شریک ہوں گے ۔ اس کے علاوہ مختلف اسکولس کے انتظامیہ اولیائے طلباء اور مختلف تنظیموں سے وابستہ افراد شرکت کریں گے ۔ ایڈیشنل کمشنر ٹریفک نے بتایا کہ شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں تقریباً 12 لاکھ طلبہ اسکولس میں زیرتعلیم ہیں اور تعلیمی سال 2017-2016 ء کا آغاز 12 جون سے ہوچکا ہے اور طلباء کی اکثریت ٹرانسپورٹ پر انحصار کرتی ہے ۔ اکثر طلبہ اسکولس کی بسوں اور آٹوز و دیگر ذریعہ ٹرانسپورٹ پر انحصار کرتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں شہروں میں سرکاری اور خانگی اسکولوں کی تعداد تقریباً 3218 پائی جاتی ہے ۔ اسکولس کے اوقات کے دوران ٹریفک جام کا مسئلہ بالخصوص اسکولس زون کے سبب ٹریفک اور طلبہ کو پیش آنے والی مشکلات کو دور کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ٹرانسپورٹنگ کس طرح اور کن راستوں سے آسان ہوسکتی ہے اور سڑکوں پر ٹریفک جام کے تدارک کیلئے موثر اقدامات اور مضبوط میکانزم کو قطعیت دی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں شریک محکموں کے افسروں اور اسکولس انتظامیہ سے مشورے بھی لئے جائیں گے ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ عملی طورپر اقدامات سخت ہوںگے اور بچوں کی حفاظت کے متعلق کسی بھی قسم کی لاپرواہی پر کسی کو بخشا نہیں جائے گا ۔