بھدوئی (یوپی) 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک اقامتی اسکول میں بسکٹس کھانے کے بعد علیل ہوجانے والے تقریباً 100 بچے آج جماعتوں کو واپس ہوگئے جبکہ ڈاکٹروں کی ٹیم اُن پر مسلسل نظر رکھ رہی ہے۔ علاقہ ریا میں پیش آئے واقعہ کے تعلق سے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ویسکھ جی نے کہاکہ اسکول پرنسپل کو معطل کردیا گیا ہے اور فوڈ سپلائر کے خلاف کیس درج رجسٹر ہوا ہے۔ پولیس نے کہاکہ یہ بچے گزشتہ روز دین دیال ریسیڈنشیل اسکول میں یکایک بیمار ہوگئے تھے۔ اُنھوں نے قئے آنے کی شکایت کی اور اُن کے پیٹ میں تکلیف ہونے لگی تھی چنانچہ اُنھیں اسپتال پہنچایا گیا۔ چیف میڈیکل آفیسر ستیش سنگھ نے کہا تھا کہ 45 بچوں کی حالت تشویشناک تھی جبکہ بقیہ 55 بچوں کو زیرنگہداشت رکھا گیا۔ یہ تمام بچے 10 تا 14 سال کی عمر کے ہیں۔