شہر کے کئی اسکول انتظامیہ کے پاس فائر سیفٹی کے جعلی صداقتنامے، جی ایچ ایم سی کمشنر کا بیان
حیدرآباد۔4جون(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاقوں میںموجود تعلیمی اداروں میں آتش فرو آلات کی تنصیب اور محفوظ بنانے کے سلسلہ میں جی ایچ ایم سی کی جانب سے خصوصی مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ گذشتہ دنوں ریاست گجرات کے ضلع سورت میں پیش آئے کوچنگ سنٹر میں آتشزنی کے واقعہ میں طلبہ کی ہلاکتوں کے بعد کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر دانا کشور کی ہدایت پر کوچنگ سنٹرس کے خلاف کاروائی شروع کی گئی تھی لیکن اب بتایا جارہا ہے کہ 12 جون کو تعلیمی اداروں کی کشادگی کے ساتھ ہی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے دونوں شہروں میں موجود اسکولوں میں آتش فرو آلات اور طلبہ کے لئے کئے جانے والے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا اور جن اسکولوں کی عمارتو ںمیں محکمہ کی جانب سے مدون کردہ قوانین کے اعتبار سے آتش فرو آلات کی تنصیب عمل میں نہیں لائی گئی ہے ان تعلیمی اداروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی کیونکہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے اعلی عہدیداروں کا کہناہے کہ انہیں اس بات کی شکایت موصول ہوئی ہے کہ شہر میں چلائے جانے والے بیشتر اسکولوں کے انتظامیہ کے پاس موجود فائر سیفٹی کا صداقتنامہ جعلی ہے اسی لئے جی ایچ ایم سی کے اعلی عہدیداروں نے فیصلہ کیا ہے کہ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے اسکولوں میں موجود فائر سیفٹی صداقتنامہ کا از سر نو جائزہ لیا جائے اور شخصی معائنہ کرتے ہوئے اسکولوں کو صداقتنامہ جاری کیا جائے۔ بتایاجاتا ہے کہ سور ت میں پیش آئے واقعہ کے بعد جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس کے بعد ملک کے بیشتر بڑے شہروں میں بلدیات کی جانب سے حفاظتی انتظامات کئے جانے لگے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ طلبہ کے تحفظ سے زیادہ کوئی شئے ترجیحی نہیں ہے اسی لئے تعلیمی اداروں کے ذمہ داروں کو اس بات کا پابند بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں کہ وہ اپنے اسکولو ںمیں آتش فرو آلات کی تنصیب کے ساتھ ساتھ ہائی اسکول کے طلبہ کو آتش فرو آلات کے استعمال کی تربیت کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ ہنگامی حالات میں طلبہ خوفزدہ ہونے کے بجائے صورتحال پر قابو پاتے ہوئے دوسروں کی مدد کیلئے بھی تیار رہیں۔دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے اسکولوں میں آتش فرو آلات کی تنصیب کے سلسلہ میں جی ایچ ایم سی کی جانب سے شروع کی جانے والی مجوزہ کاروائی کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ حکومت اور محکمہ بلدی نظم و نسق کے علاوہ دیگر متعلقہ محکمہ جات کی جانب سے محکمہ تعلیم اور جی ایچ ایم سی کو جاری کی گئی ہدیات کے مطابق یہ کاروائیاں انجام دی جائیں گی۔باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق جن تعلیمی اداروں کے پاس فائر سیفٹی کے صداقتنامہ موجود نہیں ہیں ان تعلیمی اداروں کی مسلمہ حیثیت کو ختم کرنے کے سلسلہ میں واضح احکامات موجود ہیں اور تعلیمی سال کی ابتداء میں ہی اس کاروائی کی صورت میں طلبہ کو مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اسی لئے جی ایچ ایم سی کی جانب سے اسکولوں کی کشادگی کے ساتھ ہی خصوصی مہم چلائی جائے گی۔