۔130 آٹو ڈرائیورس کے خلاف مقدمات ، اڈیشنل کمشنر پولیس کا بیان
حیدرآباد ۔ /21 جون (سیاست نیوز) حیدرآباد ٹریفک پولیس کی جانب سے دونوں شہروں کے اسکولس کے قریب آٹو ڈرائیورس کے خلاف ایک خصوصی مہم چلائی گئی جس کے تحت 130 آٹو ڈرائیورس کو قانون کی خلاف ورزی کرنے پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ۔ ایڈیشنل کمشنر آف پولیس ٹریفک مسٹر انیل کمار نے کہا کہ دونوں شہروں میں اسکولس کی کشادگی کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے آٹو ڈرائیور س کے خلاف آج خصوصی مہم کا آغاز کرتے ہوئے مختلف اسکولس کے قریب آٹو ڈرائیورس کے دستاویزات کی جانچ کیا اور مقررہ حد سے زیادہ طلباء کو آٹو میں منتقل کرنے والے آٹو ڈرائیورس کی نشاندہی بھی کی ۔ اس مہم کے دوران 9 آٹو ڈرائیورس کو بغیر لائسنس کے آٹو چلاتے ہوئے پکڑلیا گیا ۔ جبکہ سلطان بازار علاقے میں آج صبح ایک آٹو ڈرائیور محمد جلال ساکن چندرائن گٹہ کو اس وقت ٹریفک پولیس نے گرفتار کرلیا جب وہ حالت نشہ میں آٹو چلاتے ہوئے حد سے زیادہ طلباء کو فلک نما سے رام کورٹ میں واقع سینٹ جوزف پبلک اسکول آٹو میں لے جارہا تھا ۔ اس آٹو میں سوار تمام طلباء 12 سال سے کم عمر کے تھے ۔ حیدرآباد ٹریفک پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی سلامتی کا خاص خیال رکھیں اور آٹو میں اسکول جانے والے بچوں کے آٹو ڈرائیورس کے دستاویزات اور دیگر تفصیلات کی جانچ کرلیں ۔ اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ مقررہ حد سے زیادہ بچوں کو آٹو میں نہ لے جائیں ۔ اس قسم کی مہم وقفہ وقفہ سے دونوں شہروں میں جاری رہے گی ۔