نئی دہلی 17 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے پشاور میں اسکول پر ہوئے دہشت گرد حملے کے پس منظر میں مرکز نے تمام ریاستوں کو سکیورٹی بالخصوص تعلیمی اداروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے پارلیمنٹ کے باہر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ریاستی حکومتوں کو ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے۔ جب اُن سے پشاور اسکول میں دہشت گرد حملے کے پس منظر میں ہندوستان کے تعلیمی اداروں کے تحفظ کے اقدامات کے بارے میں پوچھا گیا تو اُنھوں نے یہ بات کہی۔ تاہم مزید کوئی صراحت نہیں کی۔ وزارت داخلہ کے عہدیداروں کے مطابق اسکولس کو جو رہنمایانہ ہدایات جاری کی گئی ہیں اُن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کسی بھی امکانی دہشت گرد حملے کی صورت میں بچوں کو محفوظ مقام منتقل کرنے کا منصوبہ تیار کریں۔ اِس کے علاوہ یرغمال صورتحال سے بچنے کا بھی طریقہ کار اختیار کریں ، جن میں الارم بجانا اور اسکول کے دروازے اور گیٹ کو بروقت بند کردینا شامل ہیں۔