حیدرآباد۔31 اگست (سیاست نیوز) ریاستی محکمہ تعلیم نے تلنگانہ میں اسکولس کے بچوں کیلئے زائد از 30 یوم دسہرہ، کرسمس، سنکرانتی تہواروں کیلئے تعطیلات کی منظوری دیتے ہوئے کیلنڈر جاری کیا۔ اس کیلنڈر کی روشنی میں دسہرہ کیلئے 20 ستمبر تا 4 اکتوبر، کرسمس کیلئے 14 ڈسمبر تا 28 ڈسمبر اسکولس کو تعطیلات دیئے جائیں گے۔ سنکرانتی کیلئے آئندہ نئے سال میں 12 جنوری تا 16 جنوری اسکولس کو تعطیلات دینے کا اعلان کیا گیا۔ تلنگانہ اسکولس کیلنڈر کی رسم اجراء شریمتی رنجیو آر آچاریہ اسپیشل چیف سیکریٹری برائے محکمہ تعلیم نے انجام دیں۔ علاوہ ازیں چھٹویں جماعت تا دسویں جماعت کے طلبہ کیلئے خصوصی ڈیجیٹل تعلیم دینے اورایس ایس سی امتحانات کو مارچ کے پہلے ہفتہ میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔اسکولس میں تعلیم کے معیار میں بہتری کیلئے اور تمام مدارس میں بنیادی سہولتوں کو یقینی بنانے اقدامات کی تمام متعلقہ عہدیداران محکمہ تعلیمات کو ہدایت دی گئی ہے۔