ادارہ سیاست اور انور چیرٹیبل ٹرسٹ کے تعاون سے کیرو پراکٹک میڈیکل کیمپ کا انعقاد
حیدرآباد ۔ 19 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : ڈاکٹر محمد یوسف اعظم چیرمین انور چیارٹیبل ٹرسٹ نے کہا کہ سال میں ایک دفعہ اسکولی طلباء وطالبات کا میڈیکل چیک اپ ضروری ہے تاکہ بچے کے جسمانی نشوونما ، ہڈیوں کی ساخت اور ان کی دماغی صلاحیتوں کا پتہ چل سکے ۔ ڈاکٹر یوسف اعظم نے پالمیر کیرو پراکٹک یونیورسٹی امریکہ کے دو روزہ اسکولی بچوں کے کیرو پراکٹک میڈیکل کیمپ کا افتتاح کرنے کے بعد یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ اسکولی بچوں کے آنکھ کا معائنہ اور دانتوں کے معائنہ کی بھی ضرورت ہے تاکہ بچے میں کوئی خرابی نہ پیدا ہو ۔ انہوں نے ادارہ سیاست اور انور چیارٹیبل ٹرسٹ کے تعاون سے پالمیر یونیورسٹی امریکہ کے تعاون سے منعقدہ اس طرح کے بچوں کے جنرل چیک اپ کیمپ کے انعقاد پر ڈاکٹر معین انصاری اور محترمہ شاہدہ انصاری کو مبارکباد پیش کی ۔ ڈاکٹر نیر نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے کیرو پراکٹک ڈاکٹروں اور ڈاکٹر معین انصاری اور محترمہ شاہدہ انصاری کی طبی خدمات کو خراج تحسین ادا کیا ۔
ڈاکٹر نیر نے کہا کہ اسکولی بچوں میں تغذیہ کی کمی کی وجہ سے کئی بیماریاں لاحق ہوتی ہیں اگر ماں باپ بچوں کو پیدائش کے بعد سے ان کا جنرل میڈیکل چیک اپ کراتے رہیں اور بچوں کی غذاؤں پر خصوصی توجہ دیں تاکہ بچے آگے چل کر صحت مند اور دماغی صلاحیتوں سے اونچے مقام پر پہنچ سکے ۔ پروفیسر معین انصاری نے کہا کہ وہ گذشتہ 18 برسوں سے امریکہ سے کیرو پراکٹک ڈاکٹروں کی ٹیم کو ہندوستان خاص طور پر حیدرآباد کا دورہ کروا رہے ہیں اور یہاں کے اسکولی بچوں کے علاوہ بڑوں کا بھی معائنہ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر ادارہ سیاست اور انور چیارٹیبل ٹرسٹ کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے کیرو پراکٹک میڈیکل کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ۔ محترمہ شاہدہ انصاری نے کہا کہ امریکہ میں کیروپراکٹک ڈاکٹرز ہندوستان اور خاص طور پر حیدرآباد کا دورہ کرنے کے متمنی رہتے ہیں ۔ ڈاکٹرز حیدرآباد شہر کے تاریخی مقامات ، خلوص ، محبت اور ملنساری سے کافی متاثر ہیں ۔ انہوں نے اس موقع پر ادارہ سیاست کے جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست ، جناب ظہیر الدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست ، جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست کے علاوہ ڈاکٹر یوسف اعظم چیرمین انور چیارٹیبل ٹرسٹ کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے کیمپ منعقد کیا گیا ۔
بچوں کے جنرل چیک اپ میں جملہ 600 طلباء کا معائنہ کیا گیا ۔ کیروپراکٹک ڈاکٹرز اپنے فیکلٹی ممبرز ڈاکٹر جان شیرفر ، ڈاکٹر ونڈاکاربٹ ، ڈاکٹر انجلی پرساد ، ڈاکٹر میتھو تھامسن کے علاوہ ڈاکٹر منال نظام ( امریکہ ) نے معائنہ کیا ۔ اس موقع پر جناب محمد ندیم اڈمنسٹریٹر اعظم ووکیشنل جونیر کالج حسینی علم ، ڈاکٹر سید غوث الدین کوآرڈینٹر کیمپ ، جناب ایم این بیگ ، جناب اظہر سمیع الدین ، جناب محمد برکت علی ، جناب احمد صدیقی مکیش اور دیگر اسکول اسٹاف ٹیچرز موجود تھے ۔۔