کئی سطحوں پر نگرانی ممکن ‘تلنگانہ اسٹیٹ ٹکنالوجی سروسیس کا کارنامہ
حیدرآباد 3 جون ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ اسٹیٹ ٹکنالوجی سروسیس نے ایک منفرد نظام تیار کیا ہے جس کی مدد سے اسکولس میں حاضری اور دوسروں کی موجودگی پر بروقت بنیادوں پر نگرانی رکھی جاسکے گی ۔ اس نظام کے مطابق سوائپنگ مشینوں کو اسکولس اور دفاتر میں نصب کیا جا رہا ہے اور ایک چار ہندسی آدھار نمبر اور بائیو میٹرکس بھی حاصل کئے جا رہے ہیں۔ٹی ایس ٹی ایس کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ یہ ایک سرکاری کمپنی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ان آلوں کو انٹرنیٹ رابطوں سے مربوط کیا گیا ہے اور جیسے ہی چار ہندسی آدھار نمبر اور بائیو میٹرکس کا اندراج ہوگا یہ آلے سرور سے رابطہ کرینگے اور اس کا جواب اندرون چار سکنڈ موصول ہوجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حاضری کے ڈاٹا کو کئی سطحوں پر دیکھا جاسکے گا ۔ ہیڈ ماسٹر یا پھر ادارہ کے ذمہ داران کے علاوہ ضلع سطح کے ایجوکیشن آفیسر اور ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹ بھی اس کا جائزہ لے سکتے ہیں۔ یہ مشاہدہ کسی کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ پر بھی کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بروقت اور ہر منٹ میں یہ دیکھا جاسکے گاکہ کتنوں نے حاضری رجسٹر کروائی ہے ۔ یہ نظام علاقہ کے مروجہ معیارات کے مطابق کام کرے گا ۔