اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ تعلیم محترمہ رنجیورکر آچاریہ
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : حکومت تلنگانہ نے ریاست کے خانگی مدارس میں کسی حالات کے باوجود فیس رقومات میں ہرگز اضافہ نہ کرنے کی ہدایات جاری کی ہے ۔ اس سلسلہ میں اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ تعلیم محترمہ رنجیورکر آچاریہ نے احکامات جاری کئیے ۔ ان احکامات میں موجودہ فیس رقومات اضافہ کرنے کی صورت میں اسکول انتظامیہ کے خلاف نہ صرف سخت کارروائی کرنے بلکہ اسکول کی مسلمہ حیثیت کو فوری طور پر منسوخ کردئیے جانے کا سخت انتباہ دیا گیا ۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ قانون ایجوکیشن 1983 کے تحت خانگی اسکولس میں فیس کو قابو میں رکھنے کے اختیارات حکومت کو ہی بتائے جاتے ہیں اور اپنی مرضی کے مطابق من مانی انداز میں فیس رقومات میں اضافہ کئے جانے پر قانون کے مطابق سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا گیا ہے اور یہ بھی کہا گیا کہ اضافہ فیس وصول کرنے کی شکایت موصول ہونے پر اسکول انتظامیہ پر جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا ۔ علاوہ ازیں مسلمہ حیثیت کو منسوخ کردئیے جانے کا انتباہ خود جاری کردہ احکامات میں دیا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ پرائیوٹ اسکول انتظامیوں کی جانب سے طلباء سے من مانی فیس رقومات وصول کئے جانے کی پیرنٹس اسوسی ایشن نے متعدد مرتبہ شکایتیں کی تھیں یہاں تک کہ بڑے پیمانے پر احتجاج بھی منظم کرتے ہوئے حکومت کی توجہ مبذول کروائی گئی ۔ جس کے نتیجہ میں حکومت کی جانب سے بالاخر احکامات جاری کئے گئے ۔۔