اسکولس میں آتش فرو آلات کی تنقیح کا منصوبہ،اجازت ناموں کی بھی جانچ ، جی ایچ ایم سی کا احتیاطی تدابیر پر اقدامات

حیدرآباد۔ 17؍نومبر (سیاست نیوز)۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے خانگی اسکولوں میں آتش فرو آلات کی تنصیب کے متعلق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے متعلقہ شعبہ کی جانب سے بڑے پیمانے پر تنقیح کا عمل شروع کئے جانے کا منصوبہ ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کی جانب سے دونوں شہروں کے خانگی اسکولوں میں آتش فرو آلات کی موجودگی اور اجازت ناموں کی تنقیح کے عمل کے متعلق منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جی ایچ ایم سی کو اسکولس اور دواخانوں میں آتش فرو آلات کی عدم موجودگی کی متعدد شکایات موصول ہونے کے بعد مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ اسکولوں اور دواخانوں پر اچانک پہنچ کر اس بات کی طمانیت حاصل کی جائے کہ یہ عمارتیں ناگہانی آتشزدگی کے واقعات کی صورت میں احتیاطی تدابیر اختیار کی ہوئی ہیں یا نہیں؟ بلدی عہدیداروں کی جانب سے یہ واضح کیا جاچکا ہے کہ جن عمارتوں میں آتش فرو آلات نصب نہیں ہوں گے، ان عمارتوں کے اجازت ناموں کو منسوخ کردیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر سومیش کمار نے اپنے ماتحتین کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اسکولس، دواخانوں کے علاوہ شاپنگ کامپلکس میں آتشزدگی کی صورت میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کے اہل ہیں یا نہیں، اس بات کا جائزہ لیں اور تمام ایسی عمارتوں کے مالکین کو متوجہ کروائیں کہ وہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے آلات کی تنصیب کو یقینی بنائیں تاکہ عمارتوں کو محفوظ قرار دیا جاسکے۔ خانگی اسکولوں پر بلدیہ اور محکمہ تعلیم کی جانب سے یہ لزوم بھی عائد کیا جاچکا ہے کہ جب تک وہ متعلقہ محکمہ جات سے آتش فرو آلات کی تنصیب کا سرٹیفکیٹ حاصل نہیں کرتے، انھیں الحاق نہیں دیا جائے گا۔ دونوں شہروں کے کئی اسکولوں کی جانب سے یہ سرٹیفکیٹ حاصل کرتے ہوئے داخل بھی کیا جاچکا ہے، لیکن اس کے باوجود کئی اسکولوں میں آتش فرو آلات کی عدم موجودگی کی اطلاعات سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیدار حیرت زدہ ہیں، کیونکہ جن اسکولوں کی جانب سے آتش فرو آلات کی موجودگی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے اہل ہونے کا سرٹیفکیٹ داخل کیا گیا ہے، ان اسکولوں میں بھی یہ سہولتیں موجود نہیں ہیں۔ اسی طرح شہر کے بیشتر دواخانوں کے متعلق بھی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو شکایات موصول ہورہی ہیں کہ دواخانوں میں نہ صرف ہنگامی حالات سے نمٹنے کا نظم موجود نہیں ہے بلکہ ہنگامی حالات سے نکلنے کے لئے مناسب راہداریاں بھی موجود نہیں ہیں۔ بلدی عہدیداروں کی جانب سے اسکولوں، دواخانوں کے علاوہ شاپنگ کامپلکس میں آتش فرو آلات کی موجودگی کے متعلق اندرون ایک ماہ جائزہ لینے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔