لندن ۔ 18ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )اسکاٹ لینڈ کے عوام آج یہ فیصلہ کرنے والے ہیں کہ انہیں مستقبل میں برطانیہ کے ساتھ رہنا ہے یا نہیں؟ آج وہاں ریفرنڈم کا انعقاد ہو رہا ہے۔ اس عوامی رائے شماری میں ووٹرز ٹرن آؤٹ بہت زیادہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔برطانیہ سے علیحدگی یا اس کا حصہ رہنے کے بارے میں اسکاٹ لینڈ میں آج ریفرنڈم کا عمل شروع ہوا۔رائے دہندگان کیلئے تقریباً 2600 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جہاں مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے ووٹنگ کا عمل شروع ہوا جو کہ رات دس بجے تک جاری رہے گا۔ریفرنڈم کے لئے اہل ووٹروں کی تعداد 42 لاکھ سے زائد ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد اس عمل میں حصہ لے گی۔ریفرنڈم میں لوگوں سے پوچھا گیا ہے کہ ’’کیا اسکاٹ لینڈ کو ایک آزاد ملک ہونا چاہیے؟‘‘ اور وہ ہاں یا نہیں کا انتخاب کر سکتے ہیں۔فرسٹ منسٹر الیکس سالمنڈ اسکاٹ لینڈ کی آزادی کی مہم کے سرکردہ رہنما رہے ہیں انھوں نے شمال مشرقی اسکاٹ لینڈ اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔اسکاٹ لینڈ کا 1707 میں برطانیہ کے ساتھ الحاق ہوا تھا۔پولنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کے لیے بیلٹ بکس 32 مختلف علاقائی سنٹرز پہنچائیں جائیں گے اور توقع ہے کہ نتائج جمعہ کی صبح تک سامنے آجائیں گے۔