لندن۔ 24 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اسکاٹ لینڈ پولیس نے اپنے یونیفارم میں اب حجاب کو بھی شامل کرلیا ہے تاکہ مسلم خواتین کو پولیس فورس میں شمولیت اختیار کرنے کی ترغیب دی جاسکے۔ قبل ازیں افسران کو صرف مذہبی ٹوپی یا ہیڈ اسکارف پہننے کی اس وقت اجازت دی جاتی تھی جب اسے سینئر اسٹاف ارکان کی منظوری مل جاتی تھی تاہم اب اسے پولیس فورس کی یونیفارم کا مستقل حصہ بنادیا گیا ہے جس کے بعد یہ اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اسکاٹ لینڈ پولیس اس بات کے لئے کوشاں ہے کہ وہ جن جن کمیونیٹیز کی خدمات انجام دیتی ہے، ان کمیونیٹیز کی نمائندگی بھی کرسکے تاکہ لوگ پولیس کو اجنبی نہیں بلکہ اپنا دوست سمجھیں۔ اس اعلان کا اسکائش پولیس مسلم ایسوسی ایشن (SPMA) نے خیرمقدم کیا ہے۔ یہ ایک ایسی تنظیم ہے جو2010ء میں قائم کی گئی تھی تاکہ مسلم کمیونیٹیز کے ساتھ قریب تر روابط قائم کئے جاسکیں۔ اس موقع پر چیف کانسٹبل فل گارملی نے کہا کہ انہیں یہ اعلان کرتے ہوئے مسرت ہورہی ہے اور اس سلسلے میں مسلم کمیونیٹیز کے علاوہ دیگر کمیونیٹیز اور پولیس افسران کے علاوہ دیگر اسٹاف نے بھی جو تعاون پیش کیا ہے، وہ عدیم المثال ہے۔