اسکاٹ لینڈ سے ریفرنڈم کے نتائج کا احترام کرنے کی ملکہ برطانیہ کو توقع

لندن۔ 21؍ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ کئی ماہ کی بحث، مباحثے اور سوچ کے بعد اب ہم ریفرنڈم کے نتائج جانتے ہیں اور برطانیہ بھر میں ہم سب اس نتیجہ کا احترام کریں گے۔ ملکہ برطانیہ نے کہا ہے کہ اسکاٹ لینڈ کی آزادی کے ریفرنڈم کے بعد اسکاٹ لینڈ ’باہمی احترام‘ میں متحد ہوجائے گا۔ ملکہ برطانیہ کا یہ پیغام اسکاٹ لینڈ میں ریفرنڈم میں برطانیہ سے علیحدگی کے خلاف ووٹ کے بعد آیا ہے۔ انھوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ سمجھ سکتی ہیں کہ اس ریفرنڈم کے بعد متضاد جذبات جنم لیں گے، لیکن ان کو اعتماد ہے کہ اسکاٹ لینڈ ان کو پیچھے چھوڑکر آگے بڑھے گا۔ اسکاٹ لینڈ میں دوستوں، ہمسایوں اور اہل و عیال کے درمیان متضاد جذبات ہوں گے اور یہی جمہوری نظام کا حصہ ہے جو اس ملک میں ہے۔ اسکاٹ لینڈ میں برطانیہ سے علیحدگی حاصل کرنے یا ساتھ رہنے کے فیصلے پر ریفرینڈم میں سکاٹ لینڈ نے برطانیہ کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔