اسکالر شپ کیلئے درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں 20 ستمبر تک توسیع

مرکزی وزارت اقلیتی بہبود سے مشاورت کے بعد فیصلہ ، پروفیسر ایس اے شکور کا بیان
حیدرآباد۔/9ستمبر، ( سیاست نیوز) اقلیتی طلبہ کیلئے مرکزی حکومت کے اسکالر شپ کیلئے درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں توسیع کی گئی ہے۔ اقلیتی طلبہ کی جانب سے مقررہ نشانہ کے مطابق درخواستوں کی عدم وصولی پر اقلیتی فینانس کارپوریشن نے تاریخ میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ مرکزی وزارت اقلیتی بہبود سے مشاورت کے بعد پری میٹرک اور پوسٹ میٹرک اسکالر شپ کیلئے درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں توسیع کی گئی۔ منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ پری میٹرک اسکالر شپ کے تحت نئی درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 10ستمبر تھی جس میں 20ستمبر تک توسیع کردی گئی ہے۔ پری میٹرک اسکالر شپ کے تحت تازہ درخواستوں کیلئے بھی درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ 20ستمبر مقرر کی گئی۔ پوسٹ میٹرک اسکالر شپ کے تحت نئی درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 15ستمبر سے بڑھا کر 30ستمبر کردی گئی جبکہ رینول درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 10اکٹوبربرقرار رکھی گئی ہے۔ میرٹ کم منس اسکالر شپ کیلئے نئی اور تجدیدی درخواستوں کے ادخال کی تاریخوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ اس کے تحت نئی درخواستیں 30ستمبر اورتجدیدی درخواستیں 15نومبر تک داخل کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ درخواستوں کے حصول کیلئے جو نشانہ مقرر کیا گیا تھا اس کے مطابق درخواستیں وصول نہیں ہوئیں۔ تینوں زمروں کے تحت نئی درخواستوں کیلئے تلنگانہ میں 70,831 کا نشانہ مقرر کیا گیا تھا تاہم اب تک 37191 درخواستیں وصول ہوئیں جبکہ آندھرا پردیش میں 57605 کا نشانہ مقرر کیا گیا تھا اور ابھی تک 51776 درخواستیں وصول ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ تعلیمی سال 2013-14 میں تینوں زمروں کے تحت جملہ 3لاکھ 55ہزار 747 طلبہ کو اسکالر شپ منظور کی گئی جس کی رقم 99کروڑ 70لاکھ ہوتی ہے۔ اس میں 2لاکھ 68ہزار 258 طلبہ میں اسکالر شپ کے تحت 70کروڑ 17لاکھ روپئے جاری کردیئے گئے۔ مزید طلبہ کیلئے رقم کی اجرائی کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے اقلیتی طلبہ میں اسکالر شپس کے حصول کے سلسلہ میں شعور بیداری کیلئے غیر سیاسی اور رضاکارانہ تنظیموں کو اہم رول ادا کرنے کی اپیل کی۔