اسکالر شپس کے لیے حکومت کی میچنگ گرانڈ کی عدم اجرائی

حیدرآباد۔یکم اکتوبر (سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی اسکالرشپ برائے اقلیتی طلباء کے سلسلہ میں اقلیتی فینانس کارپوریشن نے تاحال تک 76 کروڑ 73 لاکھ روپئے تقسیم کئے ہیں جو دو لاکھ 77 ہزار 686 طلباء میں بطور اسکالرشپ جاری کئے گئے۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے ذرائع کے مطابق تعلیمی سال 2013-14 کیلئے حکومت ہند کی پری میٹرک اسکالرشپ کے تحت دو لاکھ 58 ہزار 912 طلباء میں 61 کروڑ 70 لاکھ روپئے جاری کئے گئے۔ جبکہ مزید 76 ہزار 37 طلباء کو اسکالرشپ کی اجرائی باقی ہے۔ ریاستی حکومت 25 فیصد میچنگ گرانڈ کے طور پر 20 کروڑ 57 لاکھ روپئے ابھی تک جاری نہیں کئے۔ اس رقم کی اجرائی کے بعد مابقی طلباء کو اسکالرشپ جاری کردی جائے گی۔ پوسٹ میٹرک اسکالرشپ کے تحت 17 ہزار 282 طلباء میں 10 کروڑ 83 لاکھ روپئے جاری کئے گئے جبکہ مزید 2024 طلباء میں ایک کروڑ 14 لاکھ روپئے کی اجرائی باقی ہے اور اس سلسلہ میں روزانہ اجرائی کا عمل جاری ہے۔ میرٹ کم مینس اسکالرشپ کے تحت کارپوریشن نے رقم کی اجرائی کا نشانہ مکمل کرلیا ہے۔ 1492 طلباء میں 4 کروڑ 20 لاکھ روپئے جاری کئے گئے۔ اسی دوران تلنگانہ اور آندھراپردیش کے لئے پری میٹرک اسکالرشپ کی درخواستوں کی آخری تاریخ ختم ہوچکی ہے جبکہ پوسٹ میٹرک اسکالرشپ کے لئے نئی درخواستیں 7 اکتوبر اور رینیول کی درخواستیں 10 اکتوبر تک قبول کی جائیں گی ۔ میرٹ کم مینس اسکالرشپ کیلئے نئی درخواستیں 7 اکتوبر اور رینیول کی درخواستیں 15 نومبر تک قبول کی جائیں گی۔