اسکالر شپس اور فیس باز ادائیگی کی عدم وصولی پر اسناد روکنے والوں کو انتباہ

شکایت پر کارروائی کا اعلان ، اندرون ہفتہ فیس و اسکالر شپس کی ادائیگی ، سید عمر جلیل
حیدرآباد۔/31جولائی، ( سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود نے فیس باز ادائیگی اسکیم کے بقایہ جات کی جلد اجرائی کا تیقن دیا ہے۔ محکمہ فینانس سے اس مسئلہ پر سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے بات چیت کی اور گزشتہ دو برسوں کے بقایہ جات کی رقم کی اجرائی پر زور دیا۔ محکمہ فینانس نے تیقن دیا کہ اندرون ایک ہفتہ اقلیتی طلبہ کی فیس بازادائیگی کے بقایہ جات جاری کردیئے جائیں گے۔ واضح رہے تعلیمی سال 2013-14 کے بقایہ جات 14کروڑ ہیں جبکہ 2014-15 میں اس اسکیم کے تحت 116کروڑ روپئے کی اجرائی باقی ہے۔ بجٹ کی عدم اجرائی کے سبب کئی اقلیتی کالجس میں طلبہ کے تعلیمی سرٹیفکیٹس اور دیگر اسنادات کو روک لیا گیا ہے جس کے باعث طلبہ میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے بتایا کہ فیس بازادائیگی کے بجٹ کی اجرائی کے ساتھ ہی کالجس کو فیس کی رقم جاری کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فیس بازادائیگی کی اسکیم پر عمل آوری کے حق میں ہے اور اسکیم میں کوئی تبدیلی یا ترمیم نہیں کی گئی لہذا کالجس کو بقایہ جات کی اجرائی کے سلسلہ میں فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی طلباء اور ان کے سرپرستوں نے ان سے اس بات کی شکایت کی کہ کالجس کی جانب سے سرٹیفکیٹس کی اجرائی سے انکار کیا جارہا ہے۔ اسکالرشپ اور فیس باز ادائیگی کی رقم نہ ملنے کا بہانہ بناکر سرٹیفکیٹس روک دیئے گئے ہیں جس کے باعث طلباء کو دوسرے کورسیس میں داخلہ کے سلسلہ میں دشواری پیش آرہی ہے۔ حکومت کی جانب سے شروع کی گئی حالیہ نئی اسکیم میں درخواست دینے والے کئی امیدواروں نے شکایت کی کہ کالجس نے ان کے ڈگری سرٹیفکیٹس کو جاری کرنے سے انکار کردیا ہے۔ بیرونی یونیورسٹیز میں تعلیم کے حصول کیلئے حکومت کی امداد سے متعلق اسکیم کے کئی درخواست گذاروں نے اس طرح کی شکایت کی۔ سید عمر جلیل نے کہا کہ اگر طلباء کالجس کے خلاف تحریری طور پر شکایت کرتے ہیں تو محکمہ اقلیتی بہبود ان کے خلاف حکومت سے سخت کارروائی کی سفارش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی کالجس کو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ طلباء کے مستقبل سے کھلواڑ کریں۔ فیس باز ادائیگی کی رقم جاری کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے  لیکن اس کے لئے طلباء کو نشانہ بنانا مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو طلباء بھی اس اسکیم کے تحت مستحق پائے گئے ہیں ان کے لئے تعلیمی فیس یقینی طور پر جاری کی جائے گی۔ انہوں نے کالجس کے انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ وہ تعلیمی فیس کی عدم اجرائی کا بہانہ بناکر اسنادات کو روکنے سے گریز کریں بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔گزشتہ دو برسوں کے دوران اس اسکیم کے بقایہ جات کی عدم اجرائی کے سبب جاریہ تعلیمی سال اس اسکیم پر عمل آوری کا ابھی تک آغاز نہیں ہوسکا۔