اسکالر شپس اجرائی مسئلہ پر آج آر کرشنیا کا احتجاجی دھرنا

حیدرآباد۔ 21 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلگو دیشم سے تعلق رکھنے والے ایل بی نگر کے رکن اسمبلی آر کرشنیا بی سی طبقہ کے طلبہ کو اسکالرشپ اور فیس باز ادائیگی کی عدم اجرائی کے خلاف کل 22 جنوری کو اندرا پارک پر دھرنا منظم کریں گے ۔ آر کرشنیا جو گزشتہ کئی برسوں سے پسماندہ طبقات کے مسائل پر جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت کو دھمکی دی تھی کہ اگر 22 جنوری تک بی سی طلبہ کی اسکالرشپ اور فیس باز ادائیگی کا بقایہ 850 کروڑ جاری نہیں کیا گیا تو وہ احتجاج منظم کریں گے۔ آر کرشنیا نے بھوک ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات بھی کی تھی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت طلبہ کو اسکالرشپ اور فیس باز ادائیگی کے سلسلہ میں سنجیدہ نہیں ہیں۔ پسماندہ طبقات کے علاوہ دیگر طبقات سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو گزشتہ دو برسوں کے بقایہ جات ابھی جاری نہیں کئے گئے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت کے اس رویہ کے باعث پریشان حال دو طلبہ نے خودکشی کرلی ۔ اسکالرشپ کی رقم کی عدم اجرائی کے سبب طلبہ کو متعلقہ کالجس کی جانب سے ہراساں کئے جانے کی شکایت ہیں۔ تلنگانہ حکومت نے جاریہ سال نئی اسکیم فاسٹ کا اعلان کیا لیکن ابھی تک اس کے قواعد کو منظوری نہیں دی گئی جس کے بعد جاریہ تعلیمی سال طلبہ اسکالرشپ اور فیس بازادائیگی سے محروم ہیں۔ قواعد کی عدم اجرائی کے باعث طلبہ سے درخواستوں کی وصولی کا ابھی تک آغاز نہیں ہوا۔ آر کرشنیا نے قانون ساز اداروں میں بی سی طبقہ کی نمائندگی میں اضافہ کیلئے قانون سازی کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے چیف منسٹر سے خواہش کی کہ وہ کل جماعتی وفد کے ساتھ مرکزی حکومت سے نمائندگی کریں۔